پشتونوں کے قومی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدوجہد میں ہمیشہ صف اول میں موجود رہیں گے،مابت کاکا

اتوار 13 اکتوبر 2019 22:55

ہرنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتونوں کے قومی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدوجہد میں ہمیشہ صف اول میں موجود رہیں گے اگر اپنے لوگوں کے حقو ق کا نعرہ لگانا گنا ہ ہے تو یہ گنا ہ ہم ہمیشہ کرتے رہیں گے ،پشتونخوا وطن میں نئی جنگ کیلئے راہیں ہموار کی جارہی ہیں ان حالات سے باخبر رہنا ہوگا ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کا گلہ گھونٹنے کی سازشیں عروج پر پہنچ چکی ہیں اپوزیشن کو پرامن جمہوری انداز میں آواز اٹھانے نہ دینا آمریت کی بد ترین مثال ہے ، نئی نسل کو اپنے اکابرین ،اور شہداء کی جدوجہد و قربانیوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ، سید ندیم شاہ کی جدوجہد ناقابل فراموش ہے ان کی جدائی کا زخم ہمیشہ تازہ رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا ، صوبائی نائب صدر اصغرعلی ترین ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید عبدالباری آغا ، صوبائی نائب صدرانورشاہ ، قائم مقام ضلعی صدر ملک حاجی ظریف ترین ، ضلعی جنرل سیکرٹری کامران ترین ،تحصیل شاہرگ کے صدر ملک زمان خان ، پی ایس ایف کے ولی خان ، سید عادل شاہ ، سومر خاکسار و دیگر مقررین نے اتوار کے روز باچاخان مرکز ہرنائی میں سید ندیم شاہ کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی شہداء کی وارث جماعت کی حیثیت سے اپنے قومی شہداء اور اکابرین کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور نئی نسل کو بھی ان کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنے کا فرض نبھاتی رہے گی عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ کی طرح آج بھی فرنٹ لائن پر موجود ہے اور قومی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لئے صف اول میں موجود ہے اور ہمیشہ موجود رہے گی۔

مقررین نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل عوام کو جو سبز باغ دکھائے تھے اور جو وعدے کئے گئے تھے ایک ایک کرکے سب کچھ واضح ہوچکا ہے آج صورتحال یہ بن چکی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو پرامن اور جمہوری انداز میں آواز اٹھانے کی بھی اجازت نہیں جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ایک طرف اپوزیشن جماعتوں کے پرامن احتجاج کا راستہ روکنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ میڈیا کو اپوزیشن کی کوریج نہ کرنے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے اور اس وقت جو صورتحال بن چکی ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے اور ان حالات میں تمام جمہوری اور سیاسی قوتوں کا فرض ہے کہ وہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے یکجہتی کا ثبوت دیں جمہوریت و جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے ایک پیج پر آئیں اور مل کر جدوجہد کریں تاکہ جمہوریت کو مستحکم کرتے ہوئے حکومت کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لایا جاسکے۔

انہوں نے سید ندیم شاہ کوان کی پہلی برسی پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ تنظیمیں اور تحریکیں شخصیات کی محتاج نہیں ہوتیں لیکن جو لوگ تنظیموں اور تحریکوں میں فعال ومتحرک کردار ادا کریں ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی ہے سید ندیم شاہ بھی ایسے ہی فعال کارکن تھے جنہوں نے پارٹی اور تنظیم کے لئے د ن رات کام کیا ان کی جدائی کا زخم آج بھی تازہ ہے ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہتر ین طریقہ یہ ہے کہ کارکن ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اجتماعی جدوجہد کو تقویت دی جائے۔

ہرنائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں