سانحہ مستونگ دلخراش واقعہ ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،سردار اسرار خان ترین

ہفتہ 14 جولائی 2018 22:10

ہرنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے حلقہ این اے 258 سے نامزدامیدوار وسابق رکن قومی اسمبلی سردار اسرار خان ترین نے کہا کہ سانحہ مستونگ ایک دلخراش واقعہ ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،سانحہ مستونگ میں پارٹی کے رہنماء نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت سوسے زائد بے گناہ معصوم انسانوں کو شہید کیاگیا ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے شہید ملک گل شاہ خان ہاوس میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے رہنمائوں ملک اسرار الحق ترین ، ملک مہراللہ خان ترین، ملک روح اللہ خان ترین ، عبدالروف درانی ، ملک عبدالعلی ترین سمیت دیگر قبائلی معتبرین و کارکن موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سردار اسرار ترین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک دشمن عناصر بلوچستان میں ایک بار پھر خوف و ہراس کی فضاء قائم کر کے صوبے کو سیاسی عدم استحکام اور پسماندگی کی جانب دھکیلنے کی مذموم کوششوں میں مصروف عمل ہیں تاہم صوبے میں قیام امن کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے ۔

بلوچستان عوامی پارٹی پر حملہ ایک جماعت پر نہیں بلکہ جمہوری عمل پر حملہ ہے ۔ نوابزادہ سراج احمد رئیسانی ایک محب وطن سچے پاکستانی تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں اسی وطن عزیز کے لیے اپنے لخت جگر کی قربانی دی اور دشمن سے لڑتے ہوئے بالآخر اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کردیا ، نوابزادہ سراج احمد رئیسانی ایک شخصیت ہی نہیں بلکہ اب ایک تاریخ ہیں جنہوں نے وطن عزیز پاکستان کی آبیاری اپنے لہو سے کی بی اے پی اپنے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس پختہ عزم کا ارادہ کرتی ہے کہ بلوچستان و پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور یکجہتی کے لیے شہداء کے مشن کو جاری و ساری رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ لازوال قربانیوں کے بعد بلوچستان میں قائم ہونے والے امن کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے اور ہر طرح کے زاتی مفادات کو بالا طاق رکھتے ہوئے صرف اور صرف بلوچستان اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہمارا مشن رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ مستونگ کے بعد سیاسی فضاء سوگوار ہے بی اے پی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے اس کے بعد انتخابی سرگرمیوں کو نئی حکمت عملی کے تحت باہمی مشاورت سے شروع کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک بار پھر سیاسی سکوت طاری کرنے والوں کے خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونگے بلوچستان کو امن و سکون کا گہوارہ بنائیں گے اور اس طرح کے واقعات سے خوفزدہ ہوئے بغیر اپنے مشن و ویژن کے حصول کے لئے جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے ۔ انہوں نے نوابزادہ سراج رئیسانی اور انکے ساتھ دیگر شہید ہونے والے شہدا کو خراج عقیدیت پیش کرتے ہے اور سانحہ مستونگ کے تمام شہدا کے غم میں برابر کے شریک ہے دعاکرتے ہے کہ اللہ تعالیٰ شہدات کے درجات بلندکرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔

ہرنائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں