پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع ہرنائی کی تین کانکنوں کے قتل کے واقعہ کی مذمت

منگل 23 نومبر 2021 00:37

ہرنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2021ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع ہرنائی کے پریس ریلیز میں گزشتہ روز شاہرگ کے کول مائینز ایریا زالاوان میںتین مائینز مزدوروں کو فائرنگ کرکے شہید کرنے کے المناک واقعہ کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں ایف سی کی تعیناتی اور ہر پانچ کلو میٹر پر چیک پوسٹوں کا مقصد صرف اور صرف علاقے کے عوام کی تذلیل اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کیونکہ آج تک ضلع ہرنائی بالخصوص شاہرگ میں دہشت گردی کے جتنے بھی واقعات ہوئے ہیں نہ کوئی دہشت گرد گرفتارکیا گیا اور نہ ہی کسی واقعہ کی معاملات اور تفصیلات عوام کے سامنے لایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کے ساتھ رونما ہونے والا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے آئے روز مائینز مزدوروں کو اغوا کرکے تاوان کے بدلے رہا کیا جاتا ہے لیکن سیکورٹی ادارے صرف اور صرف چیک پوسٹوں پر علاقے کے باعزت باسیوں کو تنگ کرنے اور روڈوں پر پندرہ پندرہ گاڑیوں میں درجنوں سیکورٹی اہلکاروں کو بیٹھا کر علاقے کے عوام کو خوفزدہ کرنے کے لئے مامور ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز کی دہشت گردی اور دیگر واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جاے اور جگہ جگہ قائم چیک پوسٹوں پر شناختی کارڈ اور دیگر بہانوں سے عوام کو تنگ کرنے کے بجائے دہشت گردوں کے خلاف عملی کاروائی کی جائے

ہرنائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں