ہرنائی میں تعمیراتی کیمپ پر حملے میں 3مزدور جاں بحق، 7لاپتہ ہوگئے

وزیر اعلی بلوچستان کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس ،واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

ہفتہ 18 جون 2022 13:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2022ء) ہرنائی میں تعمیراتی کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے 3مزدوروں کو جاں بحق کردیا۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سڑک کی تعمیر کا کام کرنیوالے مزدوروں کے کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 3مزدور جاں بحق ہوگئے جبکہ 3زخمی جبکہ 7لاپتہ ہیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمی مزدوروں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، حملہ آورکیمپ، گاڑیوں اور مشینری کو آگ لگاکر فرار ہوگئے۔دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

ہرنائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں