اعجازالحق نے این اے 169 سے حالیہ الیکشن نتائج کو یکسر مسترد کر دیا

جمعہ 27 جولائی 2018 20:25

ہارون آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جولائی2018ء) سربراہ مسلم لیگ ضیاء چوہدری محمد اعجازالحق نے حلقہ این اے 169 ہارون آباد ،فقیروالی ، فورٹ عباس میں حالیہ الیکشن نتائج کو یکسر مسترد کر دیاہے اور کہا میرے ارکانِ صوبائی اسمبلی چوہدری غلام مرتضیٰ PP-243اور نعمان جاویدPP-244 کی آراء شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں ،میں الیکٹوریل ریفارمز کمیٹی کا ممبر تھا ۔

جس میں میری قیمتی آراء بھی شامل کی گئی ۔ اِن اصلاحات میں الیکشن پولنگ ایجنٹس کو فارم 45کی دستخط شدہ کاپی مہیا کرنے کو یقینی بنانا شامل تھا۔ لیکن انتہائی افسوس کہ ہمارے پورے حلقہ قومی اور صوبائی اسمبلی میں ہمارے مقرر کردہ تقریباً 20%پولنگ ایجنٹس کو مطلوبہ فارم 45 مہیا نہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بلکہ سادہ پرچیوں پر رزلٹ لکھ کر دے دیا گیا ۔ دوسری طرف سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پورا رزلٹ سسٹم بیٹھ جانے کا تاثر دیا ۔

ان دو معاملات نے معاملے کو انتہائی سنگین اور مشکوک بنا دیا ہے اور اس نے ان نتائج پر لا تعداد سوالات اُٹھا دیئے ہیں۔ چوہدری اعجاز الحق نے کہا ہم پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور تحریک کے سربراہ عمران خان نے نئی حکومت کی جانب سے مختلف جماعتوں کے تحفظات کے سبب متنازعہ پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ گنتی کروانے کی آفر دی ہے ۔پی ایم ایل زیڈ کے سربراہ نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ فارم 45کی اصل کاپیاں فراہم نہ کرنے کی الیکشن کمیشن تحقیقات کرے اور نتائج کو بائیو میٹرک سسٹم سے تصدیق کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اس علاقے میں اپنی ناقص کارکردگی کے سبب ہمیشہ ہارتی آئی ہے اور پی ٹی آئی کی ملک بھر میں بے مثال پذیرائی کے برعکس ن لیگ کی کامیابی نے مختلف شکوک و شبہات پیدا کر دیئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اعجاز الحق نے کہا کہ ہم نے اپنے قومی اور صوبائی حلقہ جات میں گراں قدر ترقیاتی کام کروائے ہیں اور الیکشن کی وجہ سے ترقیاتی کام روک دیئے گئے تھے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب شدہ ارکان قومی و صوبائی ارکان اسمبلی زیر تکمیل منصوبہ جات کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور اسے ذاتی عناد کے سبب عوامی ثمرات سے محروم نہیں کیا جائیگا۔

ہارون آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں