ہارون آباد ،سیاسی مخالفین کی جانب سے پیپلز پارٹی کے کیمپ پر فائرنگ

پی پی رہنما شوکت بسرا زخمی ،پرسنل اسسٹنٹ امتیاز جاں بحق ،آصف زرداری ، بلاول کی فائرنگ کی شدید مذمت ، ذمہ داران کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ

پیر 6 فروری 2017 16:30

ہارون آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2017ء) سیاسی مخالفین کی جانب سے پیپلز پارٹی کے کیمپ پر فائرنگ کے نتیجے میں پی پی رہنماء شوکت بسرا زخمی اور ان کا پرسنل اسسٹنٹ امتیاز جاں بحق ہو گئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شوکت بسرا نے مسلم لیگ (ضیاء ) کے ایم این اے اعجاز الحق اور ایم پی اے کی جانب سے مختلف لوگوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرانے پر گزشتہ روز احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق شوکت بسرا اپنے اعلان کے مطابقپیر کو دھماکہ چوک پہنچے اور کارکنوں کے ہمراہ دھرنے دیدیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخالفین نے دھرنے کیلئے لگائے گئے کیمپ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شوکت بسرا زخمی اور ان کے سیکرٹری امتیاز جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شوکت بسرا کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جا رہی ہے۔

پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ شوکت بسراء کے دھرنے کے موقع پر مسلم لیگ (ضیاء ) اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد فائرنگ ہوئی۔سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے شوکت بسراء پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ (ن)لیگ اور ضیاء کے حواری بری الزمہ نہیں ہوسکتے ، شوکت بسرا اور ان کے ساتھیوں پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میںلاکھڑا کیا جائے ۔

ہارون آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں