کرتارپوربارڈر کھلنے سے سکھ برادری کے لئے محبتوں کا سمندر اُمنڈ آیا ہے ،شیخ رشید احمد

پاکستان میں سکھوں کیلئے بہترین اِنتظامات کررہے ہیں، 25کروڑ کی لاگت سے حسن ابدال میں نیا ریلوے اِسٹیشن بنایا جارہا ہے ،وفاقی وزیرریلوے

پیر 26 نومبر 2018 22:09

کرتارپوربارڈر کھلنے سے سکھ برادری کے لئے محبتوں کا سمندر اُمنڈ آیا ہے ،شیخ رشید احمد
حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2018ء) کرتارپور بارڈر کھولنا وزیر اعظم عمران کا بہت بڑا کارنامہ ہے ،جس میں اِنڈیا کی طرف سے نجوت سنگھ سدھو نے بڑا تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔کرتارپوربارڈر کھلنے سے سکھ برادری کے لئے خصوصی طور پر محبتوں کا سمندر اُمنڈ آیا ہے ،سکھوں کا پاکستان آنا اِس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جب لوگ آپس میں ملتے ہیں تو محبتیں بڑھتی ہیں۔

چائنیز قونصلیٹ پر ملک دشمن غداروں نے حملہ کیا ،سکھ ہمارے سکھی ساتھی ہیں اِس لئے اِن کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے سخت اِنتظامات کئے ہم چاہتے ہیں کہ سکھ یاتری بحفاظت آئیں جائیں ۔اِن خیالات کا اِظہار وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں سکھ یاتریوں اور بعد ازاں ریلوے اِسٹیشن حسن ابدال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں کیلئے بہترین اِنتظامات کررہے ہیں جن کے تحت 25کروڑ کی لاگت سے حسن ابدال میں نیا ریلوے اِسٹیشن بنایا جارہا ہے ،سکھ یاتری اگلے سال جب بیساکھی پر آئیں گے تواُنہیں ہر چیز بدلی ہوئی ملے گی۔ننکانہ صاحب میں 17کروڑ کی لاگت سے سکھ یاتریوں کے لئے ایک بڑا مہمان خانہ بنا رہے ہیں ،نارووال میں 36کروڑ روپے خرچ کررہے ہیں ہم ٹوٹل ایک ارب روپے مہمان سکھ یاتریوں کی عبادت گاہوں پر خرچ کررہے ہیں ۔

ریلوے کی طرف سے اِنتظامات میں کمی کوتاہی کی وجہ سے تکلیف اُٹھانے پر سکھوں سے معذرت خواہ ہوں،آئندہ کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہونے دونگا۔ اُنہوں نے کہا کہ کرتارپورریلوے اِسٹیشن میں ہمارے پاس ریلوے کی 16ایکڑ زمین ہے جس میں سے ہم 10ایکڑ زمین گردوارہ پربندھک کمیٹی کو آفر کرتے ہیں کہ وہ کرتارپورہ اور ننکانہ صاحب میں 10ایکڑ زمین پر فائیو سٹار ہوٹل بنائیں ۔ہم تمام سکھوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آپ آئیں اور جہاں بھی آپ کی مذہبی عبادت گاہیں ہیں آپ بیساکھی میلہ اور جنم دن کی تقریبات کے علاوہ ہر ماہ تشریف لائیں ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں