کرتار پور بارڈر کھولنے کا فیصلہ خطے کے لیے امن کا پیغام ثابت ہوگا،پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ اور آزادی حاصل ہے،شیخ رشید احمد

پیر 15 اپریل 2019 23:07

کرتار پور بارڈر کھولنے کا فیصلہ خطے کے لیے امن کا پیغام ثابت ہوگا،پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ اور آزادی حاصل ہے،شیخ رشید احمد
حسن ابدال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) کرتار پور بارڈر کھولنے کا فیصلہ خطے کے لیے امن کا پیغام ثابت ہوگا،پاکستان پرامن ملک اور محبت کا جواب محبت سے دینے والوں کی دھرتی ہے،پاکستان میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو مکمل تحفظ اور آزادی سے جینے کا حق حاصل ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں بیساکھی میلے کے اختتام پر بھارت سے آئے ہوئے یاتریوں کو الوداع کہنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آنے والے سالوں میں دنیا بھر سے آنے والی یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن کو پاکستان کا سب سے خوبصورت ریلوے اسٹیشن بنایا جا رہا ہے اور اس کا نام بابا گرونانک کے نام سے منسوب کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ بابا گرونانک کے 550 جنم دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کرتار پور بارڈر کھولنے کا افتتاح کریں گے جس سے خطے میں امن کا پیغام جائیگا اور یہ ایک تاریخی فیصلہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دل خالصہ والوں کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، جنہیں جدا نہیں کیا جا سکتا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین میونسپل کمیٹی ظہیر احمد،وائس چیئرمین زبیر اقبال، ڈی پی او اٹک ندیم شہزاد بخاری، اے سی حسن ابدال جنت حسین نیکوکارہ سمیت مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ شیخ رشید احمد گردوارہ میں پہنچ کر یاتریوں میں گھل مل گئے اور ان سے دوران سفر پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی۔میلہ بیساکھی کے اختتام کے بعد بھارت سے آنے والے یاتریوں کو سخت حفاظتی حصار میں تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کر دیا گیا جبکہ اندرون ملک سے آنے والے یاتریوں کی واپسی بھی شروع ہو گئی۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں