حسن ابدال، ٹائیگر فورس رفاحی کاموں میں انتظامیہ کی مدد کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کرے گی، ملک امین اسلم

منگل 19 مئی 2020 17:32

حسن ابدال، ٹائیگر فورس رفاحی کاموں میں انتظامیہ کی مدد کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کرے گی، ملک امین اسلم
حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2020ء) وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر پاکستان بھر میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جسکا مقصد ملک بھر میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہے، یہ فورس تمام رفاحی کاموں میں انتظامیہ کی مدد کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کرے گی۔

ٹائیگر فورس کے تمام ارکان غیر سیاسی ہونگے اورخالصتاًًً رضاکارانہ بنیادوں پر کام کریں گے۔ یہ بات انھوں نے ٹائیگر فورس کی حلف برداری تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ ٹائیگر فورس کے قیام سے قومی اتحاد کو فروغ ملے گا اور آئندہ آنے والی وباؤں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

ٹائیگر فورس کے اراکین موجودہ حالات میں عوامی فلاح و بہبود کا کام کرکے خدمت کر رہے ہیں،جس سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی اور خوشحالی آئے گی۔انھوں نے ٹائیگر فورس کے ارکان کو اپنی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا اوراس عزم کا ارادہ کیا کہ ٹائیگر فورس کے قیام سے ملک میں انقلاب آئے گا۔انہوں نے ٹائیگر فورس کے اراکین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

فورس کو یو سی کی سطح تک متحرک کیا جائے گا اور یہ فورس مختلف حکومتی اقدامات کے سلسلے میں انتظامیہ کا ساتھ دے گی۔ ہر یو سی میں دیہاڑی دار مزدور کی رجسٹریشن کی جائے گی،جسکے ذریعے اس کی مالی امداد کی جائے گی۔اسی طرح ضلع اٹک میں احساس کفالت پروگرام کے تحت قائم چوبیس سینٹرز پر بھی ٹائیگر فورس اپنی ذمہ داریا ں ادا کرے گی۔ ملک امین اسلم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ یہ فورس ملک بھر میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت 10ارب درخت لگانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک کی تقدیر بدلنے پر یقین رکھتے ہیں اور اس کے لیے بھر پور طریقے سے کوشاں ہیں۔کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام سے کورونا وائرس کو شکست دینے میں مدد ملے گی اور اس کے ساتھ اخوت اور بھائی چارے کی بہترین مثال قائم ہوگی۔

ٹائیگر فورس کی سرگرمیوں سے عوام کوزندگی کے تمام شعبوں میں مدد حاصل ہوگی جس سے معاشرہ مثبت سمت میں ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہونگے۔ٹائیگر فورس کے اراکین سے حکومتی اور انتظامی سطحوں پر رابطہ جاری رہے گا اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے موجودہ حالات سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی۔عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ایک آواز پر دو ہفتے کے دوران 10لاکھ پاکستانیوں نے ٹائیگر فورس کے لیے رجسٹریشن کروائی وزیراعظم پاکستان ملک کے نوجوانوں کی تقدیر بدلنے کے لیے کوشاں ہیں اور اسی لیے پاکستان میں کامیاب جوان پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ موجودہ حالات میں 17ہزار میڈیکل ورکرز نے اپنی خدمات پیش کیں۔اس کے علاوہ احساس کفالت پروگرام،احساس لیبر پروگرام جاری ہیں۔ احساس لیبر پروگرام کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گااور اس کے ساتھ مالی امداد بھی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ایک اپیل پر کورونا ریلیف فنڈ میں 3ارب روپے جمع ہوچکے ہیں اور اس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ٹائیگر فورس کے حوالے سے شرکا ء کو آگا ہ کیااور بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں اس فورس سے باقاعدہ کام لینا شروع کردیا گیا ہے،جسکے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا ضلع بھر میں ٹائیگر فورس میں 8223افراد رجسٹرڈ ہوئے جن میں 400خواتین شامل ہیں،جن کو یوٹیلیٹی سٹورز،راشن کی تقسیم،احساس کفالت پروگرام اور دیگر جگہوں پر تعینات کیا جائے گا۔جس سے عوام کو سہولت ملے گی۔انہوں نے ٹائیگر فورس کے عظیم جذبے کو سلام پیش کیا۔آخر میں فورس کے اراکین میں فیس ماسک اور سینیٹائیزر تقسیم کیے گئے۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں