حسن ابدال:ہاوسنگ کالونی میں واقع گھر میں جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری کا انکشاف

پولیس نے بھاری مقدار میں جعلی ادویات اور پیکنگ مشین کو قبضہ میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا

بدھ 25 اگست 2021 23:39

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اگست2021ء) ہاوسنگ کالونی میں واقع گھر میں جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری کا انکشاف،پولیس نے بھاری مقدار میں جعلی ادویات اور پیکنگ مشین کو قبضہ میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع اٹک کی تحصیل حسن ابدال کو پر امن تحصیل کا درجہ حاصل ہے۔جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی ادویات بنانے والے مافیا نے اسے اپنا مسکن بنا لیا۔

عرصہ دراز سے ہاوسنگ کالونی محلہ اسلام پورہ میں قائم جعلی فیکٹری کا انکشاف اس وقت ہوا جب پندرہ سالہ لڑکے کے کنویں میں گرنے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم اور پولیس موقع پر پہنچی۔ریسکیو اہلکاروں نے لڑکے کی نعش کو کنویں سے تو نکال لیا،لیکن اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اسی گھر میں جعلی ادویات کی بڑی کھیپ اور پیکنگ کرنے والی بھاری مشینری کا انکشاف ہوا۔

(جاری ہے)

جس پر فوری طور پر محکمہ ہیلتھ کی ٹیم کو اطلاع دی گئی۔جس کے بعد ڈرگ کنٹرولر اٹک جواد احسن اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر حسن ابدال عمر زیب عباسی اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔جنہوں نے موقع پر پہنچ کر ملٹی نیشنل کمپنیوں، بھارتی جعلی ادویات اور پیکنگ کرنے والی بھاری مشینری قبضے میں لے لی۔گھر کا سربراہ اور جعلی فیکٹری کا مالک اشتیاق نامی شخص فیصل آباد کا رہائشی بتایا جا رہا ہے،اور وہ عرصہ دراز سے اس گھر میں بطور کرایہ دار مقیم تھا۔

جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو چکا تھا۔جبکہ کنویں سے ملنے والی نعش بھی اس کے قریبی رشتہ دار کی بتائی جا رہی ہے۔جس کے قتل یا حادثہ سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔پولیس نے اشتیاق کی بیوی اور دیگر اہل خانہ کو حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں