عمران خان کی ایک ناں نے ساری دنیا کا نقشہ ہی بدل دیا ،ملک امین اسلم

ماضی کی حکومتوں کی طرح اگر امریکہ کے سامنے ہتھیار ڈال دیتے اور انہیں اڈے دے دیتے تو بہت بڑی خونریزی اور تباہی ہوتی،عمران خان کی سیاست نے دنیا میں پاکستان کی اہمیت تسلیم کرنے پر مجبور کردیا،سپر پاور آج پاکستان سے اُمیدیں لگائے بیٹھیں ہیں،معاون خصوصی وزیر اعظم

ہفتہ 28 اگست 2021 00:52

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اگست2021ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی ایک ناں نے ساری دنیا کا نقشہ ہی بدل دیا ،ماضی کی حکومتوں کی طرح اگر امریکہ کے سامنے ہتھیار ڈال دیتے اور انہیں اڈے دے دیتے تو بہت بڑی خونریزی اور تباہی ہوتی۔آج پورے دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں ،عمران خان کی سیاست نے دنیا میں پاکستان کی اہمیت تسلیم کرنے پر مجبور کردیا،سپر پاور آج پاکستان سے اُمیدیں لگائے بیٹھیں ہیں۔

اِن خیالات کا اِظہار اُنہوں نے ایبٹ آباد موڑ (ٹیپوسلطان چوک)حسن ابدال کی سات کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر نو کے منصوبہ کے اِفتتاح کے موقع پر کیا،اِس موقع پر چیئرمین وزیراعلیٰ شکایات سیل راولپنڈی ڈویژن اکبر خان تنولی،اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال ذنیرہ جلیل، نیشنل ہائی وے کے افسران ،ڈاکٹر خرم خیات اور دیگر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کی خصوصی ہدایات پر دن بدن ہونے والے ٹریفک حادثات کے پیش نظرایبٹ آباد موڑ(ٹیپوسلطان چوک) کی تعمیر نو کا آغاز کررہے ہیں اِس منصوبہ پر سات کروڑ روپے لاگت آئے گی جسے چار ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد امین اسلم خان نے کہا کہ عمران خان کے جراتمندانہ فیصلوں کی بدولت پاکستان دوسروں کی جنگ کا حصہ بننے سے محفوظ رہا ،سپر پاور کے خواب دیکھنے والے ہمسایہ ملک بھارت کے سارے خواب مٹی میں مل گئے ،اب خطہ میں پاکستان کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ غریبوں کو نظر انداز کرنے والے ماضی کے کرپٹ حکمرانوں نے اپنے اپنے محلات بنائے جبکہ عمران خان نے پاکستان میں فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی ،احساس کفالت پروگرام اور انصاف صحت کارڈ سے نہ صرف ٖریبوں کی مدد کی جارہی ہے بلکہ انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات بھی مل رہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام صبر اور حوصلہ کے ساتھ عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی رہے تاکہ کرپٹ سیاستدانوں سے جان چھڑائی جاسکے ،آنے والے دنوں میں نہ صرف عوامی مسائل اور مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان دن دگنی رات چگنی ترقی کی منازل طے کرتا دکھائی دے گا۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں