نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کی کارروائی ،منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

مشکوک گاڑی سے 58کلو منشیات برآمد،منشیات اے این ایف کے حوالہ کردی گئی

جمعرات 1 جون 2023 20:30

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2023ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بھاری مقدارسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ،مشکوک گاڑی سے 58کلو منشیات برآمدکرلی،برآمد شدہ منشیات اے این ایف کے حوالہ کردی گئی ۔تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے اِسلام آباد پشاور موٹرویM.1پر ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے گاڑی بھگا دی۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کی جانب سے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا گیا ،ملزمان برہان انٹرچینج کے قریب گاڑی کو سڑک کنارے چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کی جانب سے سڑک کنارے چھوڑی گئی مشکوک گاڑی سفید رنگ کی کار نمبر AAY-562کی تلاشی لینے پر منشیات کی بھاری مقدار جس میں 17کلو افیون جبکہ41کلو حشیش شامل تھی برآمدہوئی ۔کارروائی کے موقع پر بیٹ کمانڈر نفری کے ہمراہ موجودتھے۔کارروائی مکمل کرنے کے بعد گاڑی سے برآمد ہونے والی 58کلو منشیات اینٹی نارکاٹیکس فورس اٹک کے حوالہ کردی گئی جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں