حسن ابدال، پانچ شادیاں کرنے والے جعلی پیر نے جادو و جنات نکالنے کے بہانے لڑکی اغواء کر لی، مقدمہ درج

منگل 2 جون 2020 17:13

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) پانچ شادیاں کرنے والے جعلی پیر نے جادو اور جنات نکالنے کے بہانے ایک اور لڑکی اغواء کر لی اور لڑکی کو اپنے ساتھ کوہاٹ لے گیا، جعلی پیر کے 2 شادی شدہ بیٹوں نے بھی اس اغوا کی تصدیق کردی ، لڑکی کے والد کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے جعلی پیر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق ظفر اقبال نے تھانہ جنڈ میں بیان دیا ہے کہ 27 مئی کی رات جب وہ گھر پر موجود تھے تو اچانک ان کی بیٹی اغوا ہو گئی ایک ماہ قبل ہمارے گھر دلدار حسین گیلانی ولد عنصر حسین گیلانی ساکن بروالہ جنڈ ہمارے گھر آیا اور کہا کہ میں چلے میں بیٹھا تھا کہ آپ کی بیٹی پر جادو اور جنات کا حملہ ہوا تھا میں اپنے عمل سے اب ان جنات کو جلائوں گا، اس جعلی پیر نے میری بیٹی پر مزید جادو کردیا اور اسے ورغلا پھسلا کر 27 مئی کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گیا، 28 مئی کو اس کا پتہ کرنے اور تصدیق کرنے اس جعلی پیر کے گائوں بروالہ گیا گائوں کے معززین کونسلر قیوم ، محمد غوث اور ربنواز سے ملا اور اس پیر سے متعلق معلومات لینے انہیں ان کے گھر بھیجا جس پر اس پیر کے 2 شادی شدہ بیٹوں نے تصدیق کی کہ ہمارے والد جنڈ سے ایک لڑکی اغواء کر کے لائے ہیں اور وہ اسی طرح پہلے پانچ شادیاں کر چکے ہیں، ہمیں کوہاٹ سے سید امیر حسین شاہ کا 2 مرتبہ فون آچکا ہے اس نے بھی بتایا ہے کہ ہمارا والد دلدار حسین گیلانی جنڈ سے لڑکی اغواء کر کے اپنے ساتھ کوہاٹ لے گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقدمہ درج کر کے جعلی پیر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں