حسن ابدال،تھانہ سٹی پولیس کی کامیاب کاروائی ، دہشت کی علامت ڈکیٹ الماس گینگ کو گرفتار کر لیا

الماس گینگ کے سربراہ سمیت دو افراد گرفتار کر کے 44لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا، دیگر ملزمان کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں،گینگ بین الاضلائی ڈکیتی اور راہ زنی کی وارداتوں میں ملوث تھا

منگل 23 اکتوبر 2018 19:49

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2018ء) تھانہ سٹی پولیس نے کامیاب کاروائی کے دوران دہشت کی علامت بن جانے والے الماس گینگ کے سربراہ سمیت دو افراد گرفتار کر کے 44لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتار ی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گینگ بین الاضلائی ڈکیتی اور راہ زنی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او اٹک حسن علوی نے ڈی پی او آفس میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو کاروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ الماس گینگ نے تھانہ سٹی حسن ابدال اور تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں متعدد وارداتیں کرتے ہوئے لاکھوں روپے کی ڈکیتیاں کی تھیں جس پر مذکورہ گینگ کی تلاش جاری تھی۔گذشتہ روز تھانہ سٹی کے ایس ایچ او حامد کاظمی اور سجاد نقوی تفتیشی آفیسر کو خفیہ زرائع سے مذکورہ گروہ کی جانب سے پتھر گڑھ روڈ پر ناکہ لگا کر لوگوں کو لوٹنے کی اطلاع ملی تو انہوں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے گینگ کے سرغنہ الماس شاہ ولد ثقلین شاہ ساکن ماڈل ٹاون واہ کینٹ اور نعمان افضل عرف نومی ولد شیر افضل خان ساکن محلہ روشن پورہ حسن ابدال کو موقع سے گرفتار کر لیا جبکہ ان کے دیگر ساتھی جن میں مدثر شاہ ولد زوار شاہ ساکن واہ کینٹ اپنے ایک نامعلوم ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش ملزمان نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا جن میں کچھ روز قبل تھانہ ٹیکسلا کی حدود میںفیصل ہلز میں ہونے والی لاکھوں روپے کی ڈکیتی بھی شامل تھی ۔مذکورہ گرفتار ڈکیتوں کی نشاندہی پر پولیس نے ان کے قبضے سے 32لاکھ 71 ہزار 500 روپے نقد۔ایک عدد کار سوزوکی کلٹس۔ایک عدد کیری ڈبہ۔ایک عدد موٹر سائیکل ۔لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور لیپ ٹاپ جن کی مجموعی مالیت 44لاکھ 71ہزار روپے بنتی ہے برآمد کر کے قبضے میں لے لیا۔

ڈی پی او اٹک نے بتایا کہ مذکورہ گینگ نے علاقے میں دہشت پھیلا رکھی تھی اور راہ زنی اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے جن سے مذید انکشافات کی توقع بھی کی جا رہی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی وہ بھی قانون کے شکنجے میں ہوں گے۔انہوں نے تھانہ سٹی کے ایس ایچ او اور دیگر عملے کو کامیاب کاروائی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے ہی اپنے فرائض سر انجام دیتے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں