کرتار پور کا راستہ کھول کر پاکستان نے پوری دنیا کے سکھوں کا دل جیت لیا ہے‘

پاکستان ہمارے لیے مقدس سر زمین ہے جس کے لیے جان بھی حاضر ہے‘ بھارت کو بھی چاہیے کہ کھلے دل کے ساتھ حکومت پاکستان کے اعلان کا خیر مقدم کرے تا کہ سکھوں کو اپنے مذہبی مقامات پر جانے میں آسانی فراہم کی جا سکے بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کی میڈیا سے گفتگو

پیر 26 نومبر 2018 22:55

حسن ابدال ۔ 26 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2018ء) کرتار پور کا راستہ کھول کر پاکستان نے پوری دنیا کے سکھوں کا دل جیت لیا ہے‘ پاکستان ہمارے لیے مقدس سر زمین ہے جس کے لیے جان بھی حاضر ہے‘ بھارت کو بھی چاہیے کہ کھلے دل کے ساتھ حکومت پاکستان کے اعلان کا خیر مقدم کرے تا کہ سکھوں کو اپنے مذہبی مقامات پر جانے میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہاربابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمارے مقدس مقامات کی حفاظت اور ان کی تعزین و آرائش بہترین انداز میں کرنے پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گذار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام اداروں کی جانب سے ہماری مہمان نوازی میں کوئی کثر اٹھا نہیں رکھی گئی اور ہمیں یہاں آ کر اپنے گھر جیسا گماں ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے مقدس سر زمین ہے اور ہم اس کے لیے جانیں قربان کرنے کو بھی تیار ہیں ۔یاتریوں نے کرتار پور کا راستہ کھولنے کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں حکومتوں کو چاہیے کہ وہ با ہمی اختلافات مل بیٹھ کر حل کریں تا کہ دونوں ممالک کے عوام خوشحال ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ویزا کے عمل کو مذید آسان بنایا جائے جبکہ کرتار پور کا راستہ کھلنے سے ہمارے لیے سفر میں آسانی ہو گی۔یاتریوں کی جانب سے پاکستان کا جلد دوبارہ سفر کرنے کی خوائش کا بھی اظہار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں