حسن ابدال،موٹروے پولیس کا جی ٹی روڈ کے اطراف ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن

اہل علاقہ کی جانب سے موٹروے پولیس کی جانب سے کئے گئے آپریشن پر خراج تحسین

جمعہ 4 جنوری 2019 20:36

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2019ء) موٹروے پولیس کا جی ٹی روڈ کے اطراف ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن ،تجاوزات کے خلاف آپریشن ایس ایس پی موٹروے پولیس کی ہدایات پر کیا گیا۔اہل علاقہ کی جانب سے موٹروے پولیس کی جانب سے کئے گئے آپریشن پر خراج تحسین ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی موٹروے پولیس وحید الرحمن خٹک کی خصوصی ہدایات پر گوندل میں جی ٹی روڈ کے اطراف میں قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف بھر پور آپریشن کیا گیا،ناجائز تجاوزات کے خلاف کئے گئے آپریشن میں موٹروے پولیس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی ،لوکل گورنمنٹ اور ڈسٹرکٹ پولیس نے بھی حصہ لیا ۔

آپریشن کی نگرانی موٹروے پولیس بیٹ 3کے ڈی ایس پی حامد علی بنگش اور این ایچ اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعیم کیانی نے کی۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی موٹروے پولیس حامد علی بنگش نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ آپریشن سے گوندل میں ٹریفک کے مسائل میںنمایاں کمی ہوگی کیونکہ جی ٹی روڈ کے اطراف ناجائز تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی تھی ۔اُن کا کہنا تھا کہاگر شہریوں نے موٹروے پولیس کے ساتھ اِسی طرح تعاون جاری رکھا تو اِنشاء اللہ بہت جلد ہم علاقہ میں ٹریفک کے مسائل مکمل طور پر حل کرلیں گے ۔اِس موقع پر اہل علاقہ نے ناجائز تجاوزات کے خلاف موٹروے پولیس کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں