حسن ابدال،گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں آگ لگنے سے مرکزی ہال جل کر خاکستر

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:20

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔مرکزی ہال جل کر خاکستر ہو گیا۔سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پر کر بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں مرکزی ہال کی چھت پر واقع روشندان میں ویلڈنگ کا کام جاری تھا کہ اچانک ویلڈنگ کا شعلہ کمرے میں موجود بستروں پر گرنے سے وہاں آگ بھڑک اٹھی،جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کمرے میں موجود دیگر سامان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے کیا۔

آگ دیکھتے ہی گوردوارہ میں موجود یاتری اور عملہ موقع پر پہنچ گیا اور اپنی مدد آپ کے تحت کمرے سے سامان نکالنے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کر دی۔سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔

(جاری ہے)

آگ نے نہ صرف کمرے میں موجود سامان کو جلا دیا بلکہ کمرے کی دیواروں پر بنی قدیم لکڑی کی الماریوں اور دروازوں کو بھی نقصان پہنچایا۔بروقت امدادی کاروائیوں کے باعث گوردوارہ سری پنجہ صاحب کو تباہی اور کسی بھی جانی نقصان سے بچا لیا گیا۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی 1122 اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔اے ایس پی حسن ابدال سمیت پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی۔ابتدائی واقعات کی روشنی میں آتشزدگی کو ویلڈنگ کے باعث حادثہ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ اس حوالے سے انکوائری رپورٹ آنے پر مزید تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔

متعلقہ عنوان :

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں