حسن ابدال پولیس کی کامیاب کارروائی،اسلحہ کی نوک پر لوگوں سے گاڑیاں چھننے والا 06رکنی بین الصوبائی گینگ گرفتار

گرفتار ملزمان سے 03گاڑیاں ،01موٹرسائیکل ،چھینی گئی لاکھوں روپے کی نقدی،موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونیوالا اسلحہ برآمد

ہفتہ 29 مئی 2021 00:24

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2021ء) پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ کی نوک پر لوگوں سے گاڑیاں چھننے والا 06رکنی بین الصوبائی گینگ گرفتارکرلیا،گرفتار ملزمان سے 03گاڑیاں ،01موٹرسائیکل ،چھینی گئی لاکھوں روپے کی نقدی،موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمدکرلیاگیا۔گرفتار ملزمان کا تعلق KPKسے ہے،دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں چھننے کا بھی انکشاف ۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی انوسٹیگیشن اٹک ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے جھاری کس پولیس چوکی تحصیل حسن ابدال میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حسن ابدال کے علاقہ میںگزشتہ چار ،پانچ ماہ کے دوران گاڑیاں چھیننے کے واقعات رونماء ہورہے تھے ،جس میں گاڑیاں چھیننے والا 6رکنی بین الصوبائی گینگ شامل تھا ،جن کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ راولپنڈی کے علاقہ سے گاڑی بک کراتے جسے حسن ابدال سمیت دیگر ویران علاقوں میں اسلحہ کی نوک پر ڈرائیور سے چھین لیتے ۔

(جاری ہے)

حسن ابدال کے علاقہ میں اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں چھننے کی تین وارداتیں ہوئیں جن میں پہلی واردات 05فروری دوسری18فروری جبکہ تیسری واردات 20مارچ 2021کو رونماء ہوئی ،یہ سب اٹک پولیس کے لئے بڑی تشویش کی بات تھی اور اِسی مقصد کے لئے ہم نے ڈی ایس پی حسن ابدال راجہ فیاض الحق نعیم کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی جس میں ایس ایچ او تھانہ صدر حسن ابدال نیاز احمد،انچارج آئی ٹی لیب اٹک جہانزیب خان ،انچارج جھاری کس پولیس چوکی محمد اسماعیل ودیگر افسران کو نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا۔

06مئی 2021کو اسی گینگ کے دو نامعلوم اشخاص نے گونگا پنڈ تحصیل حسن ابدال کے گاڑی بک کرائی سبز پیر تحصیل حسن ابدال کے علاقہ میں ویران جگہ پر جب گاڑی پہنچی تو وہاں ایک موٹرسائیکل پر پہلے سے 04موٹرسائیکل سوارموجود تھے جنہوں نے گاڑی روک کر اسلحہ کی نوک پر ڈرائیور کو باندھ دیا اور گاری لیکر فرار ہوگئے۔15پر پولیس کو کال موصول ہوئی جس پر فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے بھلڑجوگی کے مقام پر پولیس نے ناکہ بندی کی اور گاڑی کو روک کر گینگ کے 04ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 02ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔

پولیس نے اِس کیس پر بڑی دل جمی اور محنت سے کام کیا اور 10مئی 2021کو ان 02ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ،گرفتار کئے گئے گاڑیاں چھننے والے 6رکنی بین الصوبائی گینگ میں آصف شہزاد ولد تاج محمد سکنہ گنڈا تحصیل وضلع مانسہرہ حال ڈھوک پٹھان تحصیل حسن ابدال،ریاست ولد شیر محمد سکنہ ڈنا گھرانہ تحصیل وضلع مانسہرہ حال بیدڑہ چوک مانسہرہ ،عبدالوہاب ولد عبداللہ سکنہ شوکت باغ گجبوڑی تحصیل وضلع بٹگرام حال نواب آباد واہ کینٹ ،عجب خان ولد وزیر محمد سکنہ ڈنا گھرانہ تحصیل وضلع مانسہرہ حال فیصل ٹاون تحصیل ٹیکسلا راولپنڈی ،شیر نبی ولد میر باز خان سکنہ جگلوٹ سٹی تحصیل وضلع گلگت حال ملک آباد تحصیل ٹیکسلا راولپنڈی اور علی ولد محمد ریاض سکنہ ڈنا گھرانہ تحصیل وضلع مانسہرہ حال نواں اڈا تلہ گنگ ضلع چکوال شامل ہیں ،دوران ریمانڈ گرفتار ملزمان سے کل 14لاکھ 60ہزار روپے کی برامدگی ہوئی جس میں مختلف افراد سے اسلحہ کی نوک پر چھینی گئی11لاکھ روپے مالیت کی03گاڑیاں ،35ہزارروپے مالیت کی یونیک70 موٹرسائیکل ،نقد رقم3لاکھ 25ہزار روپے ،06عدد غیر قانونی پسٹل 30بور اور 27روند شامل ہیں۔

دوران تفتیش اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں چھننے والے بین الصوبائی گینگ کے گرفتار ملزمان نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کی جانے والے متعدد وارداتوں کا انکشاف بھی کیا۔ ایس پی انوسٹیگیشن اٹک ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے حسن ابدال پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں چھننے والے 06رکنی بین الصوبائی گینگ کی گرفتاری میں شامل تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اٹک پولیس نہ صرف سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنا اپنا اولین فرض سمجھتی ہے بلکہ بہترین تفتیش کے ذریعے ان ملزمان کو عدالتوں سے قرار واقعی سزا دلوانا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں