وزیراعظم عمران خان مہنگائی کے خاتمہ کے لئے پوری طرح متحرک ہیں ،ڈاکٹر ثانیہ نشتر

کم آمدنی والے افراد اور خاندانوں کو اشیائے ضروریہ رعایت پر دی جا رہی ہیں جس پر ہزار روپے تک کی سبسڈی ہے جس کو معاشی حالات بہتر ہونے پر مزید بڑھادیاجائیگا،معاون خصوصی وزیر اعظم

اتوار 14 نومبر 2021 18:00

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2021ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی کے خاتمہ کے لئے پوری طرح متحرک ہیں اور اس سلسلہ میں ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،احساس کفالت پروگرام کے ذریعے مستحق افراد کے لیے راشن رعایت پروگرام کا اجرا کرنا اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر کم آمدنی والے افراد اور خاندانوں کو اشیائے ضروریہ رعایت پر دی جا رہی ہیں جس پر ہزار روپے تک کی سبسڈی ہے جس کو معاشی حالات بہتر ہونے پر مزید بڑھادیاجائے گا،راشن رعایت پروگرام میں مستحق خاندانوں کو رجسٹر ہونے کے لیے ehsaasrashan.pass.gov.pk ویب سائٹ پر جاکر اپنا موبائل نمبر اور شناختی کارڈ نمبر کا اندراج کرنا ہے اور اس امر کو ضروری بنانا ہے کہ موبائل نمبر اسی شناختی کارڈ نمبر پر رجسٹرڈ ہو۔

(جاری ہے)

جس کے بعد مستحق افراد کو تین ہفتے کے اندر 8171 سے پیغام موصول ہوگا جس کی طرف سے ہدایات کی روشنی میں وہ کریانہ سٹور پر جا کر اشیائے ضروریہ خرید سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسن ابدال کے کریانہ سٹورزکے دورہ کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ راشن رعایت پروگرام میں کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن بھی شروع کی جائے گی جس میں سٹور کے مالک اور اس کیبینک اکانٹ نمبر کا اندراج کیا جائے گاجن سٹورز کے مالکان کا بینک اکانٹ نمبر نہیں ہے وہ نیشنل بینک آف پاکستان جا کر اپنا بینک اکانٹ کھلوا سکتے ہیں مستحق خاندانوں کے لیے اسمارٹ فون ہونا ضروری نہیں ،ان کے لیے صرف ایک سادہ موبائل فون بمعہ سم کارڈ جو مطلونہ شناختی کارڈ نمبر پر رجسٹرڈ ہو، ہونا ضروری ہے۔

یہ سبسڈی مہینے میں ایک دفعہ حاصل کی جاسکے گی۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام کے سلسلے میں ہماری ٹیمیں سروے مکمل کر چکی ہیں اور جن کا ڈیٹا سروے میں شامل نہیں ہو سکا ان کے لیے نادرا سنٹرز میں خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جہاں وہ دفتری اوقات میں جاکر اپنے کوائف جمع کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی پروگرام کے سلسلے میں بھی ہمارے سروے مکمل ہو چکے ہیں اور جن مستحق خاندانوں کے کوائف اس میں شامل نہیں وہ بھی نادرا سنٹر میں جاکر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ عوام کسی بھی جعلی ایس ایم ایس یا فون کال پر یقین نہ کریں۔ مستحق افراد یا خاندان سے صرف 8171 سے رابطہ کیا جائے گا۔ یہ پروگرام پورے پاکستان میں نافذ ہو چکا ہے جس میں وفاق کی طرف سے 35 فیصد اور صوبوں کی طرف سے 65 فیصد مشترکہ فنڈنگ کی جائے گی۔احساس راشن پروگرام میں اب تک چار کروڑ لوگ درخواستیں جمع کروا چکے ہیں جن میں سے دس لاکھ لوگوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ راشن رعایت پروگرام کے سلسلے میں ویب سائٹ کے بارے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں