حسن ابدال،زمین کے تنازعہ پر عدالتی بیلف کی موجودگی میں دو گروپوں میں تصادم،فائرنگ کا تبادلہ،تصادم میں چار افراد زخمی

بدھ 24 نومبر 2021 00:09

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2021ء) زمین کے تنازعہ پر عدالتی بیلف کی موجودگی میں دو گروپوں میں تصادم،فائرنگ کا تبادلہ،تصادم میں زخمی چار افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دونوں فریقین کا ایک دوسرے پر حملہ کا الزام لگا دیا گیا۔چوہدری مدثر نے عدالتی بیلف کی موجودگی میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہم پر قاتلانہ حملہ کیا،پسٹل کے فائر سے میں بال بال بچا،آصف علی اعوان،عدالتی بیلف کے ہمراہ مذکورہ زمین واگزار کروانے پہنچے تو مخالفین نے فائرنگ شروع کر دی،چوہدری مدثر کا موقف۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی حسن ابدال کی حدود لاری اڈہ پر واقع سبزی منڈی میں زمین کے تنازعہ پر دو گروپوں میں تصادم اور فائرنگ سے مجموعی طور پر 4 افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

جن کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ چوہدری مدثر سہیل نے اپنے موقف میں بتایا کہ مذکورہ زمین میرے بھائی امجد کی ملکیت ہے۔جس کا گذشتہ پانچ سال سے کیس چل رہا ہے جس کا فیصلہ ہمارے حق میں آنے کے بعد عدالتی بیلف کے ہمراہ زمین واگزار کروانے پہنچے تو مخالفین نے ہم پر فائرنگ شروع کر دی۔

جس دوران آصف اعوان نے میرے بیٹے طلحہ پر فائر کیا۔جو کہ خوش قسمتی سے پستول میں گولی پھنس جانے کے باعث بچ گیا۔اس کے علاوہ ہمارے ایک ساتھی کو چھریوں کے وار سے بھی زخمی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سبزی منڈی کے مالک آصف اعوان کے مطابق مذکورہ زمین پر عرصہ دراز سے ہم سبزی منڈی کا کاروبار کر رہے ہیں۔عدالتی بیلف کی موجودگی میں چوہدری مدثر سہیل،اس کے بیٹے چوہدری طلحہ نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہم پر قاتلانہ حملہ کیا۔

آصف علی اعوان کے مطابق چوہدری طلحہ نے مجھ پر فائر کیا جس سے میں بال بال بچا۔جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں نے مجھے سر میں پستول کا بٹ مار کر زخمی کر دیا۔میرے ساتھ میرا ایک اور ساتھ مبشر بھی زخمی ہے۔جس کی ٹانگ میں گولیاں لگی ہیں۔تمام زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ مقامی پولیس بھی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور دونوں فرقین کے ابتدائی بیانات قلم بند کر لیے جبکہ عدالتی بیلف نے بھی اپنی رپورٹ تیار کر لی

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں