اسلحے کے زور پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی

شوہر کے دوستوں نے اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، متاثرہ خاتون

Shehryar Abbasi شہریار عباسی ہفتہ اکتوبر 22:34

اسلحے کے زور پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی
حاصل پور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر2020ء) حاصلپور میں 3 افراد نے خاتون کے گھر گھس کر اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی تحصیل حاصل پور میں اسلحے کے زور پر گھر میں گھس کر تین افراد نے خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ شوہر کے دوستوں نے اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، شوہر دوستوں کے آنے پر بسکٹ لینے کے لیے گھر سے باہر گئے تو ملزمان نے ان کے ساتھ زیادتی کی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق جب ان کے خاوند واپس آئے تو اُن کے دوستوں نے ان پر بھی تشدد کیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی درخواست پر تھانہ صدر میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس نے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گھر میں گھس کر خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، اور پولیس ملزمان کو پکڑنے میں مسلسل ناکام نظر آرہی ہے۔

گزشتہ دنوں گوجرانوالہ کے نواحی علاقے بدوکی میں ملزم نے زبردستی گھر میں گھس کر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اس سے قبل بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں بااثر شخص نے گھر میں گھس کر 12 سال کی بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی تھی۔ اہل خانہ نے زیادتی کا الزام علاقے کی بااثر شخصیت پر عائد کرتے ہوئے اُس کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ جبکہ پولیس کی جانب سے اس واقعے پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ان کی حکومت خواتین کے ساتھ زیادتی کے مجرمان کے خلاف انتہائی سخت سزاؤں کے قوانین لا رہی ہے۔ ایسے مجرموں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں گی تاکہ یہ گھناؤنا جرم رک سکے۔ ملک میں گزشتہ کچھ عرصے میں زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

حاصل پور شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments