حکومت سندھ کے محکمہ خوراک اور پرائز کنٹرول اتھارٹی کی شہر میں کوئی رٹ نہیں بچی،حیدرآباد چیمبر

بدھ 18 مئی 2022 21:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2022ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے محکمہ خوراک اور پرائز کنٹرول اتھارٹی کی شہر میں کوئی رٹ نہیں بچی۔ پورے صوبے میں گندم کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ کردیا گیا ہے اوپن مارکیٹ میں گندم 70 روپے فی کلو بیچی جارہی ہے اور فلور ملز نے 10 کلو آٹے کی قیمت 750 روپے تک پہنچا دی ہے اورحکومت سندھ کی جانب سے صوبے بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستا آٹا فراہم کرنے کا دعوے بھی صرف عوام کے ساتھ ایک جھوٹے وعدے کے علاوہ کچھ نہیں۔

جبکہ دوسری جانب پنجاب حکومت نے آٹا سستا کرنے کے لیے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے جس کے تحت 20 کلو آٹے کا تھیلا 880 روپے میں غریب عوام کو دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

جب کہ سندھ کے سرکاری گوداموں سے گندم کی چوری کے ساتھ سرکاری کھاتوں میں خوردبرد کرکے راتوں رات گندم کو اوپن میں مہنگی داموں بیچ دی جاتی ہے جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں محکمہ خوراک کی کارکردگی نہایت مایوس کن اور کرپشن سے بھرپور ہے جسکی وجہ سے ہر سال کی طرح اس سال بھی گندم کا حدف مکمل کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے اور فلور ملز کا کوٹہ بھی شدید متاثر ہونے کا اندیشہ ہے جس کا براہ راست اثر غریب عوام پر آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں پڑیگا۔

محکمے کی بد عنوانیاں غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھننے کے درپے ہیں ۔ صدر چیمبر محمد الطاف میمن نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر خوراک سے مطالبہ کیا کہ گندم کی کمی اور آٹے کی قیمتوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو مناسب قیمت پر آٹے کا حصول ممکن بنایا جائی

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں