جامعہ سندھ جامشورو کے آئی آئی سی ٹی کو پاکستان انجینئرنگ کونسل نے تسلیم کرلیا

آئندہ سال سے انجینئرنگ کے معیار پر داخلے اور فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کا اعلان

منگل 23 جولائی 2019 17:27

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) جامعہ سندھ جامشورو کے آئی آئی سی ٹی کو پاکستان انجنیئرنگ کونسل نے تسلیم کرلیا، آئندہ سال سے انجینئرنگ کے معیار پر داخلے اور فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کا اعلان۔جامعہ سندھ جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو پاکستان انجنیئرنگ کونسل نے تسلیم کر لیا ہے جس کے بعد آئندہ سال سے انسٹیٹیوٹ کے تمام 4 شعبوں انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس، سافٹ ویئر انجنیئرنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن میں انجنیئرنگ یونیورسٹیز کا نصاب پڑھایا جائے گا اور طلباکو انجنیئرنگ اسناد تفویض کی جائیں گی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے پاکستان انجنیئرنگ کونسل کی منظوری کے بعد انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امداد علی اسماعیلی کو مذکورہ چاروں ٹیکنالوجیز پر مشتمل فیکلٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی قائم کرنے کیلئے ضروری ہوم ورک مکمل کرنے کا ہدف دے دیا ہے، اس سلسلے میں انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کی، تقریب میں ڈائریکٹر امداد علی اسماعیلی، جامعہ سندھ میں آئی ٹی شعبے کے بانی پروفیسر ڈاکٹر عبدالحسین شاہ بخاری، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرسول عباسی، ڈائریکٹر فنانس حاکم علی مہیسر، آئی آئی سی ٹی کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر لچھمن داس، پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ، ڈاکٹر کامران تاج پٹھان، ڈاکٹر ذیشان بھٹی کے علاوہ آئی آئی سی ٹی کے تمام اساتذہ و اسٹاف نے شرکت کی، وی سی ڈاکٹر فتح محمد برفت نے انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو پاکستان انجنیئرنگ کونسل سے ایکریڈیٹیشن/ منظوری ملنے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا اور تمام اساتذہ، طلبا، ڈائریکٹر ڈاکٹر امداد اسماعیلی، بانی ڈائریکٹر ڈاکٹر بخاری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جلد فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھ کر اس میں انسٹیٹیوٹ کو شامل کیا جائے گا اور اس کیلئے توسیعی عمارت بھی دی جائے گی جس کو پی سی ون میں شامل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے انجنیئرنگ کے مروجہ معیار کے مطابق آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، سافٹ ویئر انجنیئرنگ اور الیکٹرانکس میں داخلے شروع کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہم اور بڑی خبر ہے کہ جامعہ سندھ کے چاروں شعبوں کو پاکستان انجنیئرنگ کونسل کی جانب سے تسلیم کیا گیا ہے بہت جلد بڑی تقریب منعقد کرکے جشن منایا جائے گاجس میں آئی آئی سی ٹی کے تمام طلباکو مدعو کیا جائے گا، وائس چانسلر نے ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کو ہدایت کی کہ بایو کیمسٹری، بایو ٹیکنالوجی، مائکرو بایولاجی کے دیگر متعلقہ شعبوں کو بھی ملا کر فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز قائم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں میڈیکل کی تعلیم کا آغاز بھی کیا جائے۔

(جاری ہے)

انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امداد علی اسماعیلی نے ان کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا جن کے نتیجے میں پاکستان انجنیئرنگ کونسل کی جانب سے آئی آئی سی ٹی کو تسلیم کیا گیا، انہوں نے ساتھ دینے اور حوصلہ افزائی کرنے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرسول عباسی، ڈاکٹر عبدالحسین شاہ بخاری، ڈاکٹر اظہر علی شاہ، ڈاکٹر لچھمن داس اور دیگر نے بھی اپنے خطاب میں بیحد خوشی کا اظہار کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں