مہران یونیورسٹی کی سوسائٹی آف پیٹرولیم انجینئرز کی جانب سے پیٹرو ٹیک 19- کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

منگل 20 اگست 2019 19:47

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) مہران یونیورسٹی کی سوسائٹی آف پیٹرولیم انجینئرز کی جانب سے پیٹرو ٹیک 19- کے عنوان سے تقریب کا وائس چانسلر جامعہ مہران پروفسیر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفسیر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ طلبہ کی کارکردگی، مثبت تعرف ہی جامعہ مہران کا اصل تعارف ہے، جامعہ مہران کے ڈگری یافتہ طلبہ جب ملک و بیرون ممالک کا م کے دوران اچھی کارکردگی دکھائیں گے تو جامعہ مہران کا ہی نام پیدا ہوگا اور کسی بھی تعلیمی ادارے کی بہتر رینکنگ (درجہ بندی) اس کے طلبہ کی ہی کارکردگی ہوتی ہے، ہر سال ایس پی اے کی طرف سے پیٹرولیم اور گیس کے طلبہ کی تربیت کے لئے ہی یہ پروگرام کرائے جاتے ہیں، جس سے صنعتی اداروں اور جامعہ مہران کے طلبہ کو ایک دوسرے سے ملنے جلنے کے مواقع ملتے ہیں انہوں نے کہا کہ پڑھائی اور تربیت کے لئے ماحول کا ہونا ضروری ہوتا ہے، جو ہم جامعہ مہران کے طلبہ کو بھرپور انداز سے فراہم کر رہے ہیں اس موقع پر پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے نمائندہ انجینئر شارق علی نے کہا کہ جامعہ مہران کا شعبہ پیٹرولیم انجنیئرنگ بہترین انجینئرز پیدا کر رہا ہے، اس شعبہ میں پڑھنے والے نوجوانوں کو عالمی و ملکی بحرانوں اور مسائل کو جان کر ان کے حل تلاش کرنے چاہئیں انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا توانائی کے بحران سے دو چار ہو رہی ہے جس کا حل پیٹرولیم اور گیس کے انجینئرز ہی نکال سکتے ہیںجامعہ کے آخری سال کے طالب علموں کو ایسے مسائل پر تحقیق کر کے اپنے پراجیکٹ بنانے چاہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جامعہ مہران کے انسٹیٹیوٹ آف پیٹرولیم اینڈ نیچرل گیس انجینئرنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحق تنیو نے کہا کہ اس وقت بھی انسٹیٹیوٹ میں 11اسکالرز پی ایچ ڈی کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ پی جی کے انجینئرز کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، ڈاکٹر تنیو نے کہا کہ جامعہ مہران میں تحقیق کے جدید رجحانات کو پذیرائی دی جا رہی ہے۔ تقریب میں جامعہ مہران کے پرو وائس چانسلر پروفسیر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر خانجی ہریجن اور انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرولیم اینڈ نیچرل گیس کے اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی تقریب کے اختتام پرجامعہ کے مرکزی آڈیٹوریم میں ایک رنگا رنگ کلچرل میوزیکل نائٹ کا انعقاد بھی کیا گیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں