جامعہ سندھ کے بیورو آف اسٹیگس اور روٹری کلب حیدرآباد کے تعاون سے موبائل لائبریری کا آغاز

بدھ 18 ستمبر 2019 22:59

حیدرآباد18ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) معاشرے میں تعلیمی شعور کے فروغ، کتب خریدنے کی استطاعت نہ رکھنے والے غریب طلباء کو کتابیں پڑھنے کا موقع فراہم کرنے کے سلسلے میں جامعہ سندھ کے بیورو آف اسٹیگس اور روٹری کلب حیدرآباد کے مشترکہ تعاون سے روٹری کلب کی موبائل لائبرری کے ذریعے جامعہ سندھ کے طلباء سے علمی، ادبی و عام معلومات کی کتب جمع کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں علامہ آئی آئی قاضی سینٹرل لائبریری میں منعقد کی گئی ایک تقریب میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرکے روٹری موبائل لائبریری کا افتتاح کیا اس موقع پر وائس چانسلر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی نشوونما میں مطالعے کا کلیدی کردار ہے۔

(جاری ہے)

کتاب بہترین دوست ہے، جو معلومات میں اضافے کے ساتھ زندگی کے مختلف امور میں درست اور بہتر فیصلے کرنے میں رہنمائی کرتا ہے ہم سب کو مطالعے کو اپنا شعار بنانا چاہئے اور کورس کی کتب کے ساتھ علمی، ادبی اور معلومات سے بھرپور کتب پڑھنے چاہئیں اور دوسروں کو بھی پڑھانی چاہئیں۔

کتاب جیسا بہترین تحفہ کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا۔ وائس چانسلر نے امید ظاہر کی کہ جامعہ کے طلباء و طالبات موبائل لائبریری سروس سے تعاون کرکے انہیں کتابیں ڈونیٹ کریں گے تاکہ ان کتب سے زیادہ سے زیادہ طلباء فائدہ حاصل کر سکیں، جوکتابوں سے چاہ رکھتے ہیں لیکن ان میں قوت خرید نہیں ہے۔ وائس چانسلر نے ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس اور روٹر ی کلب حیدرآباد کی انتظامیہ کے اس جذبے کو بے حد سراہتے ہوئے اس کو بہترین کوشش قرار دیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر سمیرا عمرانی، روٹری کلب حیدرآبادکے انتظامی عملداران روٹرین سونہری شیخ، روٹرین فوزیہ کیریو، جیتندھر دھارانی، مریم، عائشہ، ذیشان، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر ڈاکٹر طارق حسن عمرانی، لائبریرین علامہ آئی آئی قاضی سینٹرل لائبریری پیر بخش بجیر، شعبہ انگریزی کے اساتذہ ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈاکٹر فریدہ پنہور، ڈاکٹر غلام علی برڑو و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں