نئے منتخب وزیر اعظم عمران خان کے لیے سندھ کے سیاسی اور قوم پرست رہنماؤں کا نیک تمناؤں کا اظہار ، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی توقع

ہفتہ 18 اگست 2018 17:59

نئے منتخب وزیر اعظم عمران خان کے لیے سندھ کے سیاسی اور قوم پرست رہنماؤں کا نیک تمناؤں کا اظہار ، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی توقع
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) نئے منتخب وزیر اعظم عمران خان کے لیے سندھ کے سیاسی اور قوم پرست رہنماؤں کا نیک تمناؤں کا پیغام ، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی توقع،عملی اقدامات کرنے پر زور۔ عمران خان کے بطور پاکستان کی22ویں وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد قوم نے مجموعی طور پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور تواقعات بھی وابستہ کرلیں ہیں کہ وہ قوم کی کشتی کو بھنور سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔

ایاز لطیف پلیجو ، ڈاکٹر قادر مگسی ، الطاف شکور ، نواب راشد علی ، شبیر انصاری اور طاہر مجید نے اپنے تاثرات دیئے ہیں۔ قومی عوامی تحریک کے سربراہ اور جی ڈی اے کے سکریٹری جنرل ایاز لطیف پلیجو نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہو ئے اے پی پی کو اپنے تاثرات بیان کرتے ہو ئے کہاکہ عمران خان اب پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں، وہ کسی ایک صوبہ یا علاقہ پر نہیں پورے ملک پر توجہ مرکوز کریں گے اور ایسی غلطیاں نہیں دہرائیں گے جو ماضی میں حکمراں کرتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان گڈ گورننس قائم اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے، عوام اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیکر کام کریں گے ،بیرونی مداخلت برداشت نہیں کریں گے، آزاد خارجہ پالیسی اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں زراعت کے مسائل توجہ طلب ہیں، امید ہے کہ نومنتخب وزیر اعظم نچلے طبقات کے لیے بھی کام کریں گے۔ سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے اپنے تاثرات میں عمران خان کو دلی مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ ان کی 22سالہ جدوجہد رنگ لائی ہے۔

عوام کو ان سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں، وہ اشرافیہ ہی نہیں غریب و متوسط طبقات کی طرف توجہ دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اقرباپروری نہیں میرٹ کو فروغ دیتے ہوئے سفارشی کلچر کا خاتمہ کرائیں گے۔ ملک میں بسنے والی تمام قوموں کے حقوق کا حقیقی معنوں میں تحفظ کریں گے ڈاکٹر قادر مگسی نے گم شدہ افراد کی تلاش کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے اپنے تاثرات میں کہا کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے قوم ڈیپریشن سے باہر نکلی ہے۔ امید ہے کہ قوم کی کشتی کو وہ بھنور سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی کامیابی ملک پر مسلط خاندانی نظام پر بھی ضرب لگی ہے ۔پاک سرزمین پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر نواب راشد علی خان نے انہیں دلی مبارک باد پیش کی ۔

سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی کونسل کے رکن صاحبزادہ شبیر انصاری نے اپنے تاثرات میں کہاکہ ہمارے تحفظات اپنی جگہ لیکن اب عمران خان وزیر اعظم بن گئے ہیں ۔حزب اختلاف کی جماعتوں نے ملک و جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا عہد کیا ہے۔ جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجید نے کہا کہ عمران خان نے جن مقاصد کے لیے جدوجہد کی ہے اب ان پر عمل کرنے کا وقت ہے احتساب کے عمل کو تیز کیا جائے، جماعت اسلامی ان کے ہر نیک و مثبت کام کی حمایت کرے گی اور غلطیوں پر توجہ دلائی جائے گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں