وزیر اعظم قوم کی امنگوں پر پورا اترینگے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا عزم کامیاب ہو گا

،کفایت شعاری ، لوٹی ہو ئی دولت واپس لانا، قرضہ اتارنا اور کرپشن کا خاتمہ کرکے ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے ،ڈیم ضرور بننا چاہئے، خطاب میں سچائی نظر آرہی ہے لگتا ہے وہ کچھ کرنے کا پختہ عزم لیکر آئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر حیدرآباد کے نومنتخب اراکین اسمبلی کا اظہار خیال

پیر 20 اگست 2018 19:23

وزیر اعظم قوم کی امنگوں پر پورا اترینگے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا عزم کامیاب ہو گا
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وزیر اعظم عمر ان خان قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے ، پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی فلاحی ریاست بنانے کا عزم کامیاب ہو گا ، کفایت شعاری ، لوٹی ہو ئی دولت واپس لانا، قرضہ اتارنا اور کرپشن کا خاتمہ کرکے ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے ،ڈیم ضرور بننا چاہئے ،عمران خان کو 100دن کا وعدہ پورا کرنا ہو گا ، قوم باتیں نہیں عمل چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر حیدرآباد کے نومنتخب اراکین اسمبلی صلاح الدین ، صابر قائم خانی ، ندیم صدیقی ، سابق ایم پی اے وحیدقریشی ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں جمشید شیخ ، ڈاکٹر مستنصر باللہ ، اظہر شیخ اور عوام نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہو ئے کیا متحدہ قومی موومنٹ کے حلقہ227 سے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے ایک سو دن کا جو پروگرام دیا ہے مجھے امید ہے وہ اس پر عمل کریں گے قوم چاہتی ہے کہ وہ نیا پاکستان بنانے میں ضرور کامیاب ہوں انہوں نے کہاکہ بعض معاملات فوری اقدامات چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف ملے ان کے مسائل حل ہوں انہوںنے کہاکہ پاکستان کو ایک مثبت سمت میں لے جانے کی ضرورت ہے ایم کیو ایم کے حلقہ 226 سے رکن قومی اسمبلی صابر قائم خانی نے اے پی پی کو اپنے تاثرات بتاتے ہو ئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے وہیں باتیں کی ہیں جو زبان زدِ عام ہیں عوام چاہتی ہے کہ ملک میں تبدیلی آنا چاہیئے کرپشن کا خاتمہ ہو اور ملک کی لوٹی ہو ئی دولت واپس لائی جائے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے غیر ضروری پروٹوکول نہ لیکر ایک اچھا قدم اٹھایا ہے وہ پڑوسی ممالک سے بھی اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، اب ہمیں آگے کی جانب جانا ہو گا اور فیصلوں کو عملی جامہ پہنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

حیدرآباد چیمبر آف کامرس کے سابق نائب صدر اور پی ایس 65 سے منتخب رکن سندھ اسمبلی ندیم صدیقی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہو ئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب میں سچائی نظر آرہی ہے لگتا ہے وہ کچھ کرنے کا پختہ عزم لیکر آئے ہیں اور ملک کا معاشی مستقبل بہتر بنانا چاہتے ہیں ہم ایک مقروض ملک ہیں اخراجات پر حکمراں طبقہ سے کنٹرول شروع ہو گا تو نیچے تک اس کے اثرات جائیں گے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ذات سے تبدیلی شروع کی ہے تو ملک میں حالات جلد بہتر ہوجائیں گے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سکریٹری سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالو حیدقریشی نے کہاکہ پاکستان کو مدینہ کی طرز کی فلاحی ریاست بنانے کا عزم اچھا ہے جماعت اسلامی عمران خان کے ہر مثبت و تعمیر ی کام کی حمایت ہی نہیں تعاون بھی کرے گی تاہم ضرورت ہے کہ عمل کیا جائے خوشنما دعوؤں اور وعدوں سے نکل کر قوم عمل دیکھنا چاہتی ہے پی ٹی آئی کے رہنما اور این ای226پر معمولی فرق سے شکست کھانے والے امیدوار جمشید علی شیخ نے کہاکہ مجھے اپنے قائد پرناز ہے وہ جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں ملک میں تبدیلی آنے کے آثار شروع ہو گئے ہیں وزیر اعظم عمران خان نے پی ایم ہاؤس کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے سادگی کے ساتھ رہنا پسند کیا ہے جو ابھی کفایت شعاری کی شروعات ہے پی ٹی آئی حیدرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر مستنصر باللہ نے کہاکہ وزاعظم دھن کے پکے ہیں انہوں نے قوم سے جو وعدے کئے ہیں وہ ضرور پورا کریں گے پی ٹی آئی کے امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ 66 اظہر شیخ نے کہا کہ تبدیلی آئی نہیں تبدیلی آگئی ہے وزیر اعظم عمران خان عوام کے ترجمان ہیں وہ ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے انہوں نے کہاکہ عمران خان پوری قوم بالخصوص نوجوانوں ، خواتین اور طلبہ وطالبات کی امنگوں کے ترجمان ہیں رائے عامہ نے مجموعی طور پر وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کو سراہا ہے ایک دودھ فروش نواب الدین کا کہنا تھا کہ عمران خان سچا آدمی ہے وہ کچھ کر گزرے گا ، پان شاپ کے مالک اصغر علی نے کہاکہ ڈیم بنانے کی بات اچھی ہے یہ ملک اندھیروں میں ڈوب رہا ہے ہمیں سستی بجلی چاہئے ایک سبزی فروش عرفان ملک نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا خطاب دل کو لگا ہے وہ کامیاب ہو ں ہماری یہ دعا ہے خانہ دار خاتون وحیدہ نے کہاکہ عمران خان نے قوم کو امید دلائی ہے اللہ انہیں نیک مقاصد میں کامیاب کرے ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں