ملک کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ہیں ، سید مراد علی شاہ

اچھے تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں عام کردار ادا کرتے ہیں،ہمیں کیڈٹ کالج پٹارو جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے ،تقریب سے خطاب

ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:17

ملک کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ہیں ، سید مراد علی شاہ
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور بلند اخلاق کے حامل نوجوان نا گزیر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں عام کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کیڈٹ کالج پٹارو جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو کیڈٹ کالج پٹار و میں کالج کی57ویں یوم والدین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم صوبے میں معیاری اور سستی تعلیم کیلئے کوشاں ہیں اور موجودہ تعلیمی نظام میں کمی اور خامیوں کو دور کرنے کیلئے حکومت سندھ خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہو اور آپ کا صرف اور صرف ایک ہی مشن ہونا چاہیے کہ آپ اچھی تعلیم حاصل کر کے اپنے ملک کی خدمت کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پرپوری دنیا میں کمپیوٹرکے سبجیکٹ میں اول آنے والے کیڈٹ اظہر جان کو ایک لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اسٹک آف آنر جیتنے والے سابق کیڈٹ اذہان اور کیڈٹ عبدالسلام کو بیسٹ اکیڈمکس ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد دی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بیج آف آنر جیتنے والے کیڈٹس کو بھی مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل اور اساتذہ کی معیاری تعلیم کی فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کالج کے پرنسپل کو یقین دلایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے کالج کی ہر ممکن مدد اور تعاون جاری رہے گا۔ قبل ازیں کیڈٹ کالج پٹارو کے پرنسپل کموڈورمحبوب الاہی ملک نے اپنے خطاب میں پٹارو کالج کے کیڈٹس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔تقریب میں کیڈٹس نے مارچ پاسٹ ، پی ٹی ، چائنیز کلچر ، کراٹے اور گھڑ سواری کا مظاہرہ کیا ۔تقریب میں کیڈٹس کے بنائے ہوئے فن پاروں کی بھی نمائش کی گئی ۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد سکندر ،کمانڈر کراچی اور چیئر مین بورڈ آف گورنرز کیڈٹ کالج پٹار وریئر ایڈمرل آصف خالق ،وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی فتح محمد برفت ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ ، ڈی سی جامشورو کیپٹن ( ر) فرید الدین مصطفی اور ایس ایس پی جامشورو توقیر نعیم کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔

بعد ازاں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چینی حکومت سے ملکر ہم سوشیو اکنامک ڈیولپمینٹ پر توجہ دے رہے ہیں اس کے علاوہ تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ گیس کی بندش کے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ 70فیصد گیس پیدا کرتا ہے اور ہمارے آئین کے مطابق جس صوبے میں گیس پیدا ہوتی ہے تو پہلا حق بھی اس ہی کا ہے اور کل وفاقی وزیر پیٹرولیم آئے تھے اور ہم نے انکے سامنے اپنے تحفظات پیش کیے اور انہوں نے ہم سے وعدہ کیا کہ آئین پر عملدرآمد کیا جائیگا اور ہمیں امید ہے کہ وہ ضرور مسئلے کا حل نکالیں گے۔

پنجاب میں کچھ اہم سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قانون کے تقاضے پورے کیے جانے چاہییں اور یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ سیاسی انتقامی کاروائی ہو رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو کی خدمات قابل تعریف ہیں اور یہاں سے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی تعلیم حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج پٹارو کا بجٹ 50ملین سے بڑھا کر 75ملین کیا جا رہا ہے جسے آئندہ سال 100ملین کیا جائیگا ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں