حیدرآباد، عمران خان ملک کو آگے لے جانا چاہتے ہیں ،حلیم عادل شیخ

جمعہ 19 اپریل 2019 22:53

حیدرآباد، عمران خان ملک کو آگے لے جانا چاہتے ہیں ،حلیم عادل شیخ
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکریٹری حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو آگے لے جانا چاہتے ہیں اور اس کیلئے وہ اپنے ساتھیوں کی بھی قربانی دینے کو تیار ہیں،ہمارا مقابلہ سندھ میں پیپلزپارٹی سے ہے جس نے اربوں روپے کھائے ہیں ہمیں زرداری مافیا سے سندھ کو آزاد کرانا ہوگا۔

وہ ڈاکٹر عبدالصمد شیخ کی رہائشگاہ پر منعقدہ ایک تعزیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ خاوند بخش جہیجو اور دیگر بھی موجو دتھے۔حلیم عادل شیخ نے کہاکہ پارٹی میں گروپ بندی کی بجائے پارٹی کو مضبوط کریں ، عہدے آتے اور جاتے ہیں پارٹیاں موجود رہتی ہیں۔ اسد عمر اتنی اہم وزارت پر فائز تھے ، انہوں نے جب یہ دیکھا کہ وہ کام صحیح نہیں کرپارہے تو انہوں نے استعفیٰ دیدیا اس کی جگہ کوئی اور پارٹی ہوتی تو دم دمادم مست قلندر ہورہی ہوتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جب یہ دیکھا کہ عوامی ایشوز حل کرنے میں کچھ رکاوٹیں آرہی ہیں تو انہوں نے کابینہ کے اہم ترین وزراء کو بھی تبدیل کردیا ، ان تبدیلیوں کے فیصلے میرٹ کی بنیاد پر ہورہے ہیں ، عمران خان ملک کو آگے لے جانا چاہتے ہیں اور اس کیلئے وہ اپنے ساتھیوں کی بھی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقابلہ سندھ میں پیپلزپارٹی سے ہے جس نے اربوں روپے کھائے ہیں ہمیں زرداری مافیا سے سندھ کو آزاد کرانا ہوگا۔

گھروں میں بیٹھے لوگ ووٹ دینا چاہتے ہیں لیکن وہ کس کو ووٹ دیں یہ ان کی سمجھ میں نہیں آتا میں ان کو کہتا ہوں کہ اپنا ووٹ صرف اور صرف عمران خان کو دیں ۔ تحریک ، پارٹی اور نظام ان شخصیات کے مرہون منت ہوتا ہے جنہوں نے قربانیاں دی ہوتی ہیں، ڈاکٹر عبدالصمد شیخ کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں، انہوں نے 1996ء میں تحریک انصاف کے ابتدائی دنوں میں اس شہر میں رہ کر دہشت گردی ، گولیوں اور بدمعاشیوں کا مقابلہ کیا ، انہوں نے یہاں حق اور سچ کی بات کی ، اس طرح کے لوگ نہ ہوتے تو پاکستان میں تبدیلی نہیں آتی۔

انہوں نے ڈاکٹر عبدالصمد شیخ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے لوگ جو کبھی دہشت گردی اور بدمعاشی سے نہیں ڈرتے ہاتھ میں پارٹی کا پرچم لئے روڈوں پر نکلے اور ظلم و ستم کا مقابلہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ انتخابات میں حیدرآباد میں ووٹ ہمارے سب سے زیادہ ہیں لیکن ہمارے پاس سیٹ نہیں آئی ، اگلی مرتبہ سیٹ بھی آئے گی۔ کراچی سے شروعات ہوئی ہے اگلی فتح حیدرآباد کی ہوگی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں