حیدرآباد میں کشمیری عوام سے والہانہ محبت کا اظہار ،قومی پرچموں کے ساتھ کشمیری پرچم آویزاں

منگل 13 اگست 2019 14:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) حیدرآباد میں کشمیری بھائیوں سے والہانہ محبت کا اظہار ، قومی پرچموں کی بہار ،کشمیری پرچم بھی آویزاں ،آج یوم آزادی یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا،عید قرباں کی مصروفیات کے باوجود حیدرآباد کے شہری اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولے ہیں ان سے والہانہ محبت کا اظہار کیا جارہا ہے۔

مختلف تنظیموں کی جانب سے حیدرآباد میں جگہ جگہ قومی پرچموں کے ساتھ کشمیری پرچم آویزاں کئے گئے ہیں مختلف اہم چوراہوں اور شاہراہوں پر بل بورڈز ، بینرز بھی لگائے گئے ہیں جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔کئی مقامات پر مقبوضہ جموں وکشمیر کے حریت پسند رہنما ؤں سید علی گیلانی ، یٰسین ملک اور دیگر رہنماؤں کے پورٹ ٹریٹ بھی لگائے گئے ہیں جبکہ ایسی بڑی تصاویر بھی چسپاں کی گئیں ہیں جومقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوموں ، خواتین و بچوں پربھارتی مظالم کی داستان سنارہی ہیں دوسری جانب نوجوانوں کی ٹولیوں نے موٹرسائیکلوں پر گشت شروع کیا ہوا ہے جو پاکستان زندہ باد کے علاوہ واشگاف انداز میں’’کشمیربنے گا پاکستان ‘‘ اور ’’کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ ‘‘کے نعرے لگارہے ہیں یوم آزادی اور یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے لگائے گئے اسٹالر پر عوام بالخصو ص نوجوانوں و بچوں کا رش دیدنی تھا ۔

(جاری ہے)

آج حیدرآباد کے علاوہ سندھ بھر میں یوم آزادی اور یکجہتی کشمیر بڑے جوش وجذبہ سے منایا جائے گا۔مختلف سیاسی و دینی جماعتوں ، کشمیری مہاجرین ، تنظیموں ،اسپورٹس آرگنائزیشن اور تعلیمی اداروں نے ریلیوں ، جلوس و جلسے ، سیمینار ، ملی نغموں کے پروگرامز تشکیل دیئے ہیں -

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں