حکومت سندھ لائیو اسٹاک کے فروغ اور مویشی مالکان کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے گہری دلچسپی لے رہی ہے،صوبائی وزیر عبد الباری پتافی

ہفتہ 24 اگست 2019 00:08

حیدرآباد23اگست (اے پی پی) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز انجینئر عبد الباری پتافی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سندھ لائیو اسٹاک کے شعبے کو فروغ دلانے اور مویشی مالکان کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے گہری دلچسپی کے ساتھ کام کر رہی ہے تاکہ ملک میں دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھا کر نہ صرف ملک کو خوشحال بنایا جا سکے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ دیہاتوں میں بیروزگاری کے خاتمے کیلئے لوگوں میں مویشیوں کو پالنے کا شوق اجاگر کیا جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوںنے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے نزدیک قائم کردہ مصنوعی عمل تولید کے تربیتی مرکز کی تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اورمیڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ ادارہ قائم کر کے اینیمل بریڈنگ کیلئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے انہوںنے کہا کہ اس سے پہلے ہمارے پاس ایسا کوئی بھی ادارہ موجود نہیں تھا اس لیے مصنوعی عمل تولید میں کوئی پیش ورفت نہ ہو سکی مگر اب اس ادارے کے قائم ہونے کے بعدامید ہے کہ ہمارا مصنوعی عمل تولید کا شعبہ بہت آگے جائیگااور ہمارے وٹرنری ڈاکٹرز کو بہت زیادہ فائدہ ہوگاانہوں نے کہا کہ میں نے وزارت سنبھالنے کے بعد جب محکمے کی بریفنگ لی تو مجھے پتہ چلا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کو بریڈنگ کے متعلق کوئی معلومات نہیں ہے جو کہ میرے لیے حیران کن اور تکلیف دہ بات تھی جس کو مد نظر رکھتے ہوئے اس ادارے کو قائم کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ تمام یوسیز سطح پرمصنوعی عمل تولید کے مراکز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ جب تک بریڈنگ پر مناسب توجہ نہیں دی جائیگی تب تک محکمہ لائیواسٹاک ترقی نہیں کرے گاانہوں نے کہا کہ کچھ موقع پرست لوگوں کی جانب سے دیہاتوں میں ضلعی حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ وٹرنری مراکز کو اوطاقوں اور گوداموں میں تبدیل کیا گیا ہے جوکہ بہت بڑا المیہ ہے انہوں نے کہا کہ انہوںنے سندھ میں ایسے تمام غیر فعال مراکز کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور اس رپورٹ کے مطابق نہ صرف ان مراکز کو خالی کرایا جائیگا بلکہ انہیں فعال بھی بنایا جائیگا انہوں نے کہا کہ بریڈنگ ایکٹ بل پاس کرایا گیا ہے جوکہ پی پی پی کا ایک بڑا کارنامہ ہے انہوںنے کہا کہ بریڈرز کو آگے لاکر ایسو سی ایشنز بنائی جائیں گی اور عام لوگوں سے لیکر مویشی مالکان سمیت محکمے کے ڈاکٹرز کو بریڈنگ اور مصنوعی عمل تولید کے متعلق بنیادی معلومات مہیا کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے میں ایک اجلاس منعقد کیا جائیگا جس میں مصنوعی عمل تولیدکے اداروں کو مستقل بنیادوں پر چلانے کیلئے حکمت عملی تشکیل دی جائیگی انہوں نے تربیت حاصل کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دلچسپی سے تربیت حاصل کریں کیونکہ تربیت مکمل ہونے کے بعد انہیں حدف دیا جائیگاجو بھی وہ حدف پورا نہیں کر پائے گا تو اس کی تربیت پر ہونے والا خرچ اس کی تنخواہ میں سے کاٹا جائیگاجبکہ ان کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی بھی کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کے فارمز کو رجسٹرڈ کرانے کے حوالے سے 2018میں ایک قانون لایا گیا تھا جس کے تحت اب سندھ میں تمام فارمز کو رجسٹرڈ کیا جائیگا جبکہ بریڈرز کو بریڈنگ کے طور پر رجسٹرڈ کر کے ان کی نگرانی کی جائیگی اورمصنوعی عمل تولید کرنے والوں کو بھی رجسٹرڈ کیا جائیگاایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منصوبے میں کام کرنے والے تمام کچے ملازمین کو مستقبل میںپکہ کیا جائیگا ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ دیہاتوں میں جو بھی وٹرنری مراکز بند ہیں اور وہ ہمارے محکمے کے ریکارڈ میں موجود نہیں ہیں اور وہ مقامی سطح پر لوگل گورنمینٹ یا ضلعی حکومت نے بنوائے تھے ان سے بھی قبضے ختم کر وا کے انہیں فعال بنایا جائیگا انہوں نے کہا کہ بالائی سندھ کی زمینوں سے زیریں سندھ کی زمینوں کی پیداوار زیادہ ہوتی ہے جس کا کریڈٹ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کو جاتا ہے انہوںنے زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کو متحرک بنانے میں ان کا اہم کردار ہے انہوں نے کہا کہ مرکز میں فارمز کو رجسٹرڈ کرنے کا رجحان نہیں ہے مگر اب ایک حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت تمام فارمز کو رجسٹرڈ کیا جائیگا انہوں نے مویشی مالکان کو اپیل کی کہ وہ جلد از جلد اپنے فارمز رجسٹرڈ کر وا کے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے مہیا کی جانے والی سہولیات سے فائدہ حاصل کریں انہوں نے کہا کہ اس وقت تک بدین ، ٹھٹھہ ، تھر پارکر اور گھوٹکی سمیت دیگر اضلاع میں ڈیڑھ کروڑ مویشیوں کی ویکسینیشن کی گئی ہے جبکہ گڈو اور سکھر بیراج کے کچے کے علاقوں میں ممکنہ سیلاب کو مد نظر رکھتے ہوئے ہوئے مویشی مالکان کیلئے 124کیمپس لگانے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جن میں سے 55کیمپس لگائی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تھر میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اس موقع پر باتیں کرتے ہوئے سیکریٹری لائیو اسٹاک اعجاز احمد مہیسر نے کہا کہ مصنوعی عمل تولید پہلی بار اٹلی میں 1753میں شروع ہوا جبکہ 1899میں سائنسی بنیادوں پرمصنوعی عمل تولید روس میں شروع ہوئی 1930میں برطانیہ میں ان مراکز کی بنیاد رکھی گئی انہوں نے کہا کہ مصنوعی عمل تولید کے مراکز کے قیام کا مقصد محکمے کے ڈاکٹرز اور مویشی مالکان کومصنوعی عمل تولید کی تربیت مہیا کرنا ہے ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک عبد القادر جونیجو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کا قیام ان کا خواب تھا جو آج پورا ہوا ہے انہوںنے کہا کہ وٹرنری آفیسر ز کو پہلے سرحد ، پنجاب اور دیگر علاقوں میں تربیت کیلئے بھیجا جاتا تھا مگر ان اداروں کے قیام کے بعد یہاں تربیت دی جاتی ہے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر مصنوعی عمل تولید ٹنڈو جام اور پروگرام کو آرڈینیٹر ڈاکٹر عبد اللہ سیٹھار نے بتایا کہ جانوروں کی پرورش کے محکمے کی کوشش رہی ہے کہ شعبہ لائیو اسٹاک کو فروغ دلا کر معاشرے سے غربت کو کم کر کے ملکی معیشت کو مستحکم بنایا سکے انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوںنے مصنوعی عمل تولید کے تربیتی مرکز کے قیام کا مقصد عوامی وسائل کو فروغ دلانے سمیت عملے اور مویشی مالکان کو مویشی پالنے اورمصنوعی عمل تولید میں انکے کے فوائد کے متعلق عملی تربیت فراہم کرنا ہے قبل ازیں صوبائی وزیر نے مصنوعی عمل تولیدکے تربیتی مرکز کی عمارت کا افتتاح کیا بعد ازاں انہوںنے عمارت کے احاطے میں پودہ بھی لگایا ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں