تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی کا چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں فائنل ائیر کی طالبہ نمرتا چندانی کی پراسرار ہلاکت پر افسوس کااظہار

بدھ 18 ستمبر 2019 23:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں فائنل ائیر کی طالبہ نمرتا چندانی کی پراسرار ہلاکت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اس طرح کے واقعات کئے جارہے ہیں لیکن ملک کے عوام پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کے نہ تو کبھی خلاف رہے اور نہ ہی انہیں اپنے سے الگ سمجھتے ہیں خاص طورپر سندھ میں رہنے والی اقلیتی برادری کے افراد ہمارے بھائی ہیں اور ہم انہیں محب وطن سچا پاکستانی سمجھتے ہیں انہوں نے کہاکہ نمرتا چندانی کی پراسرار ہلاکت کی اعلیٰ سطح تحقیقات کرواکر اس واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے انہوں نے کہاکہ ملک اور سندھ کیخلاف کی جانے والی سازشیں ناکام ہوسکیں ، انہوں نے کہاکہ ہندو، سکھ اور عیسائی قیام پاکستان سے قبل سے یہاں آباد ہیں اور انہیں مکمل طورپر مذہبی رسومات کی آزادی ہے بلکہ یہاں کے مسلمان ان کی رسومات میں شرکت کرکے اظہار یکجہتی کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دے اور وہاں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر مذہب اور ہر رنگ ونسل سے تعلق رکھنے والے افراد تعلیمی اداروں میں آزادانہ طورپر اپنی تعلیم جاری رکھیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں