: صدر حیدرآباد چیمبر دولت رام لوہانہ کا آٹو انڈسٹری کی مصنوعات کی فروخت میں 73 فیصد تک کمی پر اپنی تشویش کا اظہار

اتوار 13 اکتوبر 2019 19:17

*حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2019ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے آٹو انڈسٹری کی مصنوعات کی فروخت میں 73 فیصد تک کمی پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اُسے ملکی معیشت کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اتنی بڑی انڈسٹری کا اِس طرح بیٹھ جانا، بڑی بڑی کمپنیوں کی جانب سے گاڑیوں کی تیاری کے پلانٹ بند کردینا، اپنی مصنوعات کی تیار میں کمی دراصل ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روپے کی قدر میں کافی حد تک گرجانا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی فروخت سے ملک کو ایک بہت بڑا سرمایہ ٹیکس اور ڈیوٹی کی صورت میں ادا ہوتا ہے۔ آٹو انڈسٹری کی تباہی سے ملکی خزانے پر منفی اثرات مرتب کرے گا اور سرمایہ کار کو ناقابل تلافی نقصان کے ساتھ ساتھ آٹو انڈسٹری سے وابستہ عملہ بھی بے روزگار ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے وزیر اعظم عمران خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، مشیر صنعت و تجارت عبدالرزاق دائود، اور چیئرمین FBR سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آٹو انڈسٹری کی پیداوار میں کمی کا فوری نوٹس لیں اور اِس انڈسٹری کو تباہی تک پہنچانے والے تمام عوامل کا جائزہ لیں، اسٹیک ہولڈرز کی ہنگامی میٹنگ بلائیں اور اس منافع بخش انڈسٹری کو بحال کرنے کے لیے ملکی مفاد میں تمام تر سہولتیں فراہم کرکے اِس کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے سنجیدہ اقدام کریں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں