واسا کی جاری ترقیاتی اسکیموں میں عوامی مسائل کے حل کی اہم اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ،کمشنرحیدرآباد

منگل 15 اکتوبر 2019 22:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء)کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ واسا کی جاری ترقیاتی اسکیموں میں عوامی مسائل کے حل کی اہم اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ حیدرآباد کے عوام جلد از جلد ان اسکیموں سے استفادہ حاصل کر سکیں، متعدد اسکیموں کو ایک ساتھ شروع کیا جاتا ہے اس لئے کوئی بھی اسکیم مقررہ وقت پر مکمل نہیں ہوپاتیں، زیادہ اہم اسکیموں کو ترجیحات میں رکھتے ہوئے کام شروع کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ میں واسا کے افسران کے ساتھ ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ایم ڈی واسا مظفر میمن ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ و ڈویلپمنٹ معتصم عباسی ، ڈی جی ایچ ڈی اے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد یوسف شیخ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر محمد عباس بلوچ نے واسا افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے کچھ علاقوں میں ابھی تک نالوں کی صفائی کا کام مکمل نہیں ہوا اس لیے نالوں کی صفائی کا کام جلد مکمل کیا جائے، سینیٹری ورکرز کے لیے بائیو میٹرک سسٹم لگایا جائے تاکہ حاضری کو 100 فیصد یقینی بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے صفائی ستھرائی اور ڈرینیج کے مسائل کے حوالے سے ایک پبلک فورم بنایا جائے جہاں پر حیدرآباد کی عوام سے بھی رائے لی جائے تاکہ حیدرآباد کے مسائل کا دیرپا حل نکالا جا سکے، انہوں نے ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد یوسف شیخ کو ہدایت کی کہ واسا کے افسران کے ساتھ مل کر واسا کی تمام جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیں اور اہم اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں