جاری اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کر کے انہیں فعال بنائیں ،کمشنرحیدرآباد کی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت

منگل 15 اکتوبر 2019 22:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ محکمے کے تحت جاری اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کر کے انہیں فعال بنائیں تاکہ عوام ان اسکیموں سے مستفید ہو سکیں، افسران اپنے عملے کو متحرک بنائیں اور غفلت کے مرتکب ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسو بھرگڑی میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے تحت جاری واٹر سپلائی کی اسکیموں کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایکس ای این پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالرشید بھٹو، ایس ڈی او اسلم ڈاہری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر محمد عباس بلوچ نے مسو بھرگڑی میں واٹر سپلائی کی غیر فعال اسکیم اور اسکیم سے ملحقہ علاقے میں سیوریج اوربرساتی پانی کی عدم نکاسی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ واٹر سپلائی کی اسکیموں کو مکمل فعال بنایا جائے جبکہ اس ضمن میں مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں جائیں اور جلد از جلد اس علاقے سے پانی کی نکاسی کو بھی ممکن بنایا جائے، متعلقہ اداروں کے افسران ان اسکیموں کے لیے حیسکو حکام سے رابطہ کرکے بجلی کا کنکشن حاصل کریں اور تمام مسائل تحریری طور پر انہیں ارسال کئے جائیں، کمشنر نے متعلقہ اداروں کے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ فراہمی ونکاسی آب کے مسائل کو حل کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تمام افسران و عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران اپنے عملے کو متحرک بنائیں اور غفلت کے مرتکب ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیں، اس موقع پر متعلقہ افسران نے کمشنر حیدرآباد کو اسکیموں میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں