ملک میں بے یقینی کی فضاء اور سیاسی محاذ آرائی سے معاشی عدم استحکام جنم لے رہا ہے،حیدرآباد چیمبر

3 حکومت نے ایک وقت میں کئی محاذ ایک دم کھول دیئے ہیں اور وزراء کی مخالفین کے خلاف بیان بازی مزید محاذ آرائی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی،صدر دولت رام لوہانہ

اتوار 20 اکتوبر 2019 19:31

-حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2019ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا ہے کہ ملک میں بے یقینی کی فضاء اور سیاسی محاذ آرائی سے معاشی عدم استحکام جنم لے رہا ہے۔ حکومت نے ایک وقت میں کئی محاذ ایک دم کھول دیئے ہیں اور وزراء کی مخالفین کے خلاف بیان بازی مزید محاذ آرائی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت ملنے کے بعد اپنے مخالف سیاسی گرپوں سے رواداری اور ساتھ ملا کر چلنا ضروری ہے نہ کہ اُن سے محاذ آرائی شروع کردی جائے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت کے وزراء ابھی تک حزب اختلاف میں بیٹھے ہیں جبکہ حکومت چلانے کے لیے رواداری اور تحمل مزاجی اور مخالف کو اپنا بنانے کی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تاجر اور صنعتکاروں کے مخصوص لوگوں کو بلا کر اُن سے گفتگو شنید کرلینا اور دیگر اسٹیک ہولڈر کو اعتماد میں نہ لینا بھی کوئی اچھی علامت نہیں ہے۔

تاجر اور صنعتکاروں سے ٹیکس در ٹیکس وصول کرنے کے قوانین بنانا اور صرف بزنس کمیونٹی سے ہی تمام حکومتی آمدنی وصول کرنا حکومت کے مطمع نظر ہے جو کسی طرح بھی دُرست نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تحمل اور رواداری کے ماحول کو پیدا کرنے کے لیے حکومت کو چاہیئے وہ تمام سیاسی جماعتوں اور تاجر و صنعتکار برادری کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے گفتگو شنید کرنے میں بردباری سے کام لیتے ہوئے اُنہیں اعتماد میں لے۔

اگر یہی ماحول رہا تو کسی وقت بھی ملکی معاشی حالات مزید دگرگوں ہوتے چلے جائیں گے اور نہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری بھی نہیں ہوپائے گی جو ملک و ملت کا بہت بڑا نقصان ہوگا۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بردباری سے کام لیتے ہوئے ہر شعبہ کے لوگوں سے محاذ آرائی کے بجائے اُنہیں اعتماد میں لے کر قانون سازی کریں تاکہ ملک کی معیشت ترقی کی طرف گامزن ہوسکے اور بے یقینی کی فضاء ختم ہوسکے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں