ایم کیو ایم کو مفاد پرست قابض ٹولے سے نجات دلانے کا وقت آ گیا ہے، فاروق ستار

پیر 21 اکتوبر 2019 19:56

ایم کیو ایم کو مفاد پرست قابض ٹولے سے نجات دلانے کا وقت آ گیا ہے، فاروق ستار
حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ایم کیو ایم کو مفاد پرست قابض ٹولے سے نجات دلائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر آئی کوہسار ٹائون کے زیر اہتمام ہونے والی دعوت حلیم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دعوت حلیم میں مرکزی اراکین عاصم صدیقی ، انجینئر کاشف خان ، شریف علی رانا ، نگہت شکیل باجی ، سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج اصغر کامریڈ ، ڈسٹرکٹ انچارج و مرکزی رکن سید وسیم حسین ، سینئر جوائنٹ انچارج شہزاد قریشی واراکین کمیٹی ، ٹائون کوہسار کے ذمہ داران ، یوسیزچیئرمینز و کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو اسکے اصل وارثوں یعنی عوام کے حوالے کریں، جن لوگوں نے مہاجر عوام کے نام پر مال بنایا انکا احتساب ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج اصغر کامریڈ نے کہا کہ حیدرآباد کے کارکنان و عوام فاروق ستار کے ساتھ کھڑے ہیں، حیدرآباد شہر مسائل کا گڑھ بن گیا ہے لیکن شہر کے نام نہاد وارث مال سمیٹنے میں لگے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حیدرآباد کی عوام ان سب کا احتساب کرے۔ ڈسٹرکٹ انچارج و مرکزی رکن سید وسیم حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم کا ایک ،ایک کارکن پاکستان دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے ہم پاکستان زندہ باد کے ساتھ ہیں اور پاکستان مخالف لوگوں کے ایجنڈے کو پنپنے نہیں دیں گے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں