وفاقی حکومت ملک میں مہنگائی کے جن کو قابو میں کرنے میں ناکام رہی ہے ، رکن اسمبلی عبدالجبار خان

اتوار 17 نومبر 2019 21:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہاہے کہ وفاقی حکومت ملک میں مہنگائی کے جن کو قابو میں کرنے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث غریب عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں ، غربت اور بیروزگاری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ، روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ غریب اور متوسط طبقے کے افراد کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، ایک بیان میں ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہاکہ عمران خان کی حکومت آنے سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے انقلاب لانے کی باتیں کی جارہی تھیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت کے سارے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور اب ڈیڑھ سال کے قریب اقتدار کا عرصہ گزرنے کے باوجود عوام کی زندگی میں نہ تو کوئی تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کا کوئی ریلیف ملا ہے۔

(جاری ہے)

حالت یہ ہے کہ ایک طرف روپے کی قدر تیزی سے گر رہی ہے تو دوسری اشیاء صرف کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نااہل حکومت غریب عوام کو زمین بوس کرنا چاہتی ہے، انہوں نے کہاکہ حکومت کے کسی شعبے کی کوئی کارکردگی تسلی بخش نہیں ، ہرطرف انارکی اور غیر یقینی کی صورتحال ہے ، وزراء اپنے محکموں میں کام کرنے کے بجائے سارا دن سیاست اور مخالفین پر تنقید کے نشتر برسانے میں مصروف رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے سے لے کر شپنگ کارپوریشن سمیت دیگر ادارے تباہ حال ہوچکے ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں