صوبائی حکومت کے زیر انتظام محکموں کی نااہلی کی وجہ سے سندھ کے عوام مشکلات کا شکار ہیں، عمران قریشی

اتوار 17 نومبر 2019 21:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء عمران قریشی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے زیر انتظام محکموں کی نااہلی کی وجہ سے سندھ کے عوام مشکلات کا شکار ہیں، لاڑکانہ ، حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں کتے کے کاٹے کی اموات کا سلسلہ نہیں رک سکا ہے ، صوبائی حکومت ہسپتالوں میں نہ تو کتے کے کاٹے کے انجکشن فراہم کرنے کو تیار ہے اور نہ ہی شہروں میں گھومنے والے آوارہ کتوں کو مارنے کیلئے کوئی انتظام کیا گیا، ایک بیان میں انہوں نے الزام لگایا کہ لاڑکانہ میں آصفہ بھٹو کے کہنے پر کتے مار مہم بند کردی گئی جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سندھ میں فرمائشی بنیادوں پر حکومت چلائی جارہی ہے ، وزیراعلیٰ سندھ پیپلزپارٹی کی قیادت کے ریکوری آفیسر ہیں جن کا کام مالی وسائل پارٹی کے دروازے تک پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو سندھ کے عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے کیونکہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبہ سندھ کو ملنے والے محکمے کی حالت انتہائی ابتر ہے ، صحت، تعلیم ، بلدیات سمیت دیگر ادارے کرپشن کا گڑھ بنے ہوئے ہیں، اربوں روپے کے بجٹ ہونے کے باوجود نہ تو غریب عوام کو کچھ مل رہا ہے اور نہ ہی سندھ میں تعمیروترقی دیکھنے میں آتی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ سبزی اور فروٹ سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لیکن یہ دونوں ہی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں