کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، اسد عمر

حالات سازگار ہوئے تو ہم ایم کیوایم کے ساتھ مل کر اس سے بڑا جلسہ کریں گے، کیپٹن (ر) صفدر نے بابائے قوم کی قبر کی بے حرمتی کی ، وہاں چلانگیں ماریں: وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی حیدر آباد سرکٹ ہاؤس میں ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 18:49

کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، اسد عمر
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے ، حالات سازگار ہوئے تو ہم ایم کیوایم کے ساتھ مل کر اس سے بڑا جلسہ کریں گے ۔ کیپٹن (ر) صفدر نے بابائے قوم کی قبر کی بے حرمتی کی ، وہاں چلانگیں ماریں ، کراچی پیکیج میں 5بڑے منصوبوں کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے لی ہے۔

وہ حیدرآباد سرکٹ ہاؤس میں ایم کیوایم کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر خرم شیر زمان، فردوس شمیم نقوی، حق پرست ایم پی اے صابر قائم خانی و دیگر بھی موجو دتھے۔ اسد عمر نے کہاکہ کراچی میں جو پی ڈی ایم نے جلسہ کیا ہے وہ سب جانتے ہیں انہیں پتہ ہے کہ اس جلسے میں کراچی کے عوام شامل نہیں تھے اس لئے اس جلسے سے گھبرانے کی کیا بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جس دن حالات اور کورونا کے معاملات بہتر ہوگئے تحریک انصاف ہم ایم کیوایم کے ساتھ مل کر کراچی میں جلسہ کرے گی پھر سب کو پتہ چل جائے گا کہ کراچی کے عوام کس کے ساتھ ہیں، انہوں نے کراچی سے کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے کہاکہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری کیوں ہوئی ، ہم معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ قائداعظم کی اس ملک میں کوئی حیثیت نہیں ، کپٹن صفدر کی جس طرح سے گرفتاری کی گئی ہم بھی کہتے ہیں کہ اس کی ضرورت نہیں تھی وہ سیاسی ٹارزن نہیں ہیں۔

کیا انہیں صبح 5سے 6بجے گرفتار کرنے کی ضرورت تھی ، انہوں نے کہاکہ کیپٹن صفدر نے اس ملک کے محسن اعظم اور ملک کے فادر آف دی نیشن کی قبر کی بے حرمتی کی ، چھلانگیں ماریں، سیاسی نعرے بازی کی، پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے محسن اعظم کی عزت وتکریم میں کمی نہ آنے دیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ صرف پولیس کی قانونی ذمہ داری نہیں تھی بلکہ بحیثیت اخلاقی ذمہ داری بھی تھی ۔

انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی قائم ہو یہاں کے لوگوں کو بھی تعلیم کے وہی مواقعے ملیں جو پاکستان کے بڑے شہروں میں ملتے ہیں، انہوں نے کہاکہ کراچی پیکیج میں پانچ بڑے منصوبے ہیں جس کی وفاق نے ذمہ داری لی ہے ان میں کے فور جوکئی سالوں سے چل رہا تھا اب واپڈا نے اس کی ذمہ داری لے لی ہے اور اس حوالے سے ہماری میٹنگ بھی ہوئی ہے اس پر جلد ہی کام شروع ہوگا اس کے علاوہ دو منصوبے ریلوے کے ہیں ان کے بھی اشتہارات دیدیئے گئے ہیں۔ جلد ہی بولی ہوجائیے گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں