ہمارے ساتھ کسی نے انصار جیسا سلوک نہیں کیا تھا نہ میں آزاد ہوں اور نہ میری قوم آزاد ہے، ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی

پرانی قیادت یا مصنوعی قیادت ایم کیوایم کی جگہ نہیں لے سکتی، پاکستان مستحکم اس وقت ہو گا جب موروثی سیاست کا خاتمہ ہو گا،ہم اپنے حصے کا پاکستان اپنے ساتھ لے کر یہاں آئے تھے، مہران آرٹس کونسل میں یوتھ کنونشن سے خطاب

پیر 26 اکتوبر 2020 23:15

ہمارے ساتھ کسی نے انصار جیسا سلوک نہیں کیا تھا نہ میں آزاد ہوں اور نہ میری قوم آزاد ہے، ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ کسی نے انصار جیسا سلوک نہیں کیا تھا نہ میں آزاد ہوں اور نہ میری قوم آزاد ہے، ہم اپنے حصے کا پاکستان اپنے ساتھ لے کر یہاں آئے تھے ۔ پرانی قیادت یا مصنوعی قیادت ایم کیوایم کی جگہ نہیں لے سکتی، پاکستان مستحکم اس وقت ہو گا جب موروثی سیاست کا خاتمہ ہو گا۔

وہ مہران آرٹس کونسل میں یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم اپنی قوم کیلئے اس وقت کشتی نوح ہے، قوم نے ہمیں مسترد کیا تو قوم کے 30 سال ضائع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک ہمارے اور آپ کیلئے نہیں بلکہ قوم کے حقوق کیلئے ہے جس کیلئے ہم آخری وقت تک لڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج مہاجروں کے حوالے سے طرح طرح کی بات کی جاتی ہیں لیکن ہمارے آبااجداد کا قدم اس زمین پر پڑا تو یہ حصہ پاکستان بن گیا۔

ہم اپنے حصے کا مکان، زمین اور کاروبار اپنے ساتھ پاکستان لائے تھے، انہوں نے کہا ہم سندھ کی 60 فیصد زمینوں کے مالک تھے لیکن آج ہمارے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ کسی نے ہمارے ساتھ انصار مدینہ جیسا سلوک کیا ہے تو میں معذرت سے کہوں گا کہ ایسا نہیں ہے۔ ہم دینے والا ہاتھ ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ ہاتھ فراخ دل ہوتا جائے۔

پاکستان نا قابل تسخیر ہوجائے اور ایسا اس وقت ہو گا جب پاکستان موروثی سیاست سے پاک ہو گا انہوں نے کہا کہ ہمیں اختلافات کے ساتھ زندہ رہنے کی تہذیب سیکھنا ہو گی ایسے وقت پر میں نوجوانوں کو دعوت شمولیت دے رہا ہوں جب مارنے والا تھک چکا ہے اور اگر نوجوان کھڑے ہوگئے تو مارنے والا ویسے ہی گھر جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر تعلیم یافتہ اور تہذیب یافتہ لوگوں کی قوم تھی اسے ایسا ہی بننا چاہئے، اگر مہاجر قوم بہتر نہ ہو سکی تو پاکستان بھی بہتر نہیں ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے آپ کو ایم کیوایم کی مرضی کے مطابق تبدیل نہیں کر سکے تو ایم کیوایم ہماری مرضی سے تبدیل ہو جائے گی۔ایم کیو ایم ڈسٹرکٹ حیدرآباد کے زیراہتمام لطیف آباد مہران آرٹس کونسل کے لان میں یوتھ کنونشن منعقد کیا گیا مہمان خصوصی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے، یوتھ کنونشن میں اسکول، یونیورسٹی، کالج و دیگر نوجوانوں نے شرکت کی، رکن رابطہ کمیٹی سید سہیل مشہدی، ڈاکٹر ظفر احمد کمالی، انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی سلیم رزاق بھای، و ارکان کمیٹی، اے پی ایم ایس او کے مرکزی ذمہ داران ، حیدرآباد ڈسٹرکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی و ارکان ڈسٹرکٹ کمیٹی، ارکان قومی اسمبلی صلاح الدین، صابر حسین قامخانی ، ارکان صوبای اسمبلی ناصر قریشی، راشد خلجی، ندیم صدیقی، اے پی ایم ایس او کے رہنما موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں