حادثے میں زخمی جناح لاء کالج حیدرآباد کے پرنسپل سید ناصر علی شا ہ دم تو ڑگئے ، کنٹونمنٹ بورڈ قبرستان میں سپرد خاک

اتوار 28 نومبر 2021 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) سپر ہائی وے پر کار کے ہولناک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے گورنمنٹ جناح لاء کالج حیدرآباد کے پرنسپل پروفیسر سید ناصر علی شاہ ایڈوکیٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، ان کی تدفین کنٹونمنٹ بورڈ قبرستان میں عمل میں آئی، حادثے میں شدید زخمی منور چنہ کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

ہفتے کو صبح حیدرآباد سے کراچی جاتے ہوئے گورنمنٹ جناح لاء کالج حیدرآباد کے پرنسپل و سینئر وکیل پروفیسر ایس ایم ناصر علی شاہ کی سرکاری کار نمبر BRW-119 کو کراچی نوری آباد کے قریب ہولناک حادثہ پیش آیا تھا، بتایا جاتا ہے کہ کار ڈرائیور منور علی کو اونگھ آ گئی اور کار بے قابو ہو کر پیچھے سے ایک ٹرالر میں جا گھسی جس کے باعث کار کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور منور علی موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ سید ناصر علی شاہ ایڈوکیٹ اور ان کے ساتھی وکیل منور چنہ ایڈوکیٹ شدید زخمی ہوئے تھے اور ہسپتال میں زیرعلاج تھے، ہفتے کو رات گئے سید ناصر علی شاہ سول ہسپتال حیدرآباد کے آئی سی یو میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، اس حادثے میں شدید زخمی منور چنہ ایڈوکیٹ بھی کراچی کے ہسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرعلاج ہیں۔

(جاری ہے)

مرحوم سید ناصر علی شاہ کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز ظہر صدر کی جامع مسجد میں ادا کی گئی ،تدفین کنٹونمنٹ بورڈ قبرستان میں عمل میں آئی، نماز جنازہ و تدفین میں مرحوم کے عزیز و اقارب کے علاوہ وکلاء، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، مرحوم سید ناصر علی شاہ کا سوئم (آج )پیر کو بعد نماز ظہر ڈیڑھ بجے صدر کی جامع مسجد میں ہو گا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں