حیدرآباد میں انسانیت سوز واقعہ; تین سو روپے کے لیے محنت کش قتل

ملزمان نے تین سو روپے چھیننے کی کوشش کی تھی مزاحمت پر نور حسن کو گولی مار دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 30 نومبر 2021 13:33

حیدرآباد میں انسانیت سوز واقعہ; تین سو روپے کے لیے محنت کش قتل
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) : سندھ کے شہر حیدرآباد میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں محض تین سو روپے کی خاطر محنت کش کو قتل کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر حیدرآباد کے علاقہ لطیف آباد میں گھر کے باہر ٹافی، بسکٹ کی دکان لگانے والے 50 سالہ شخص نور حسن کو تین ملزمان نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ ملزمان نے نور حسن سے تین سو روپے چھیننے کی کوشش کی تھی جس پر نور حسن نے مزاحمت کی ۔ ملزمان نے مزاحمت کرنے پر نور حسن پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقتول کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مقتول نور حسن پانچ بچوں کا باپ تھا۔ نور حسن گھر کے باہر ہی چیز کی دکان لگا کر گھر کا گزر بسر کرتا تھا۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی حیدرآباد نے کہا کہ جائے وقوعہ سے لوٹ مار کے شواہد نہیں ملے، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہوسکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کررہے ہیں۔

اُمید ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔واضح رہے کہ سکھر سمیت سندھ بھر میں ایک مرتبہ پھر اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سندھ بھر کے مختلف اضلاع میں چوری، ڈکیتی، قتل و غارت اور موبائل فون، موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے شہری گھروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ تو معمولی بات ہے لیکن اس کے نتیجے میں قتل و غارت کا بازار بھی گرم ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں