جس معاشرہ میں نا انصافیاں پنپ رہی ہوں وہ معاشرہ تباہ و برباد ہوجایا کرتا ہے، ، رکن اسمبلی صلاح الدین

اچھے بھلے انسان کو مرنے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے،ہمیں اپنے کردار کا جائزہ لینا ہوگا، کمزور طبقات کو آگے لانے کی ضرورت ہے، 22 کروڑ عوام کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں لیا گیا

ہفتہ 4 دسمبر 2021 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) رکن قومی اسمبلی صلاح الدین رحیمی نے کہا ہے کہ جس معاشرہ میں نا انصافیاں پنپ رہی ہوں وہ معاشرہ تباہ و برباد ہوجایا کرتا ہے، اچھے بھلے انسان کو مرنے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے، ہمیں اپنے کردار کا جائزہ لینا ہوگا، کمزور طبقات کو آگے لانے کی ضرورت ہے، 22 کروڑ عوام کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں لیا گیا، ایک عرصہ سے لوٹ مار کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے، مہنگائی سر چڑھ کر بول رہی ہے، متوسط طبقہ ختم ہوتا جارہا ہے جو بہت خطرناک ہے، مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، معذور افراد کو وہ مقام اور حصہ نہیں دیا گیا جو ان کا حق ہے، کرکٹ میں ایشین چیمپئین ہونا اعزاز کی بات ہے۔

وہ مقامی ہوٹل میں محکمہ کھیل و نوجوانان امور حکومت سندھ کے تعاون اور پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے کھیل سب کے لئے کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار کے افتتاحی سیشن سے کلکٹر کسٹم صادق اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں اسپیشل پرسن میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے۔

یہ ہمارے ہیروز ہیں، ریجنل ڈائریکٹر محتسب حیدرآباد عبدالوہاب میمن نے کہا کہ اسپیشل افراد کی ملک کے لئیے بڑی خدمات ہیں، ممبر وزیر اعظم ٹاسک فورس ایم پرکاش نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان خود ایک کھلاڑی ہیں وہ کھلاڑیوں بالخصوص معذور کھلاڑیوں کی مشکلات سے باخوبی آگاہ ہیں، ایشین چیمپئین کو آنر دیا جانا چائیے، ڈاکٹر شجاع احمد ڈائریکٹر اسٹیڈی سینٹر جامشورو نے کہا کہ اسپیشل افراد ہمارے ہیروز اور پاکستان کی پہچان ہیں، انیسہ ولی اللہ نے کہا کہ ایشین چیمپئین کی پوری کرکٹ ٹیم کو بہت جلد ایوان صدر میں مدعو کیا جائے گا، ماہر نفسیات ڈاکٹر شاہنواز ایم کے دل نے کہا کہ نشہ کی لعنت نے ہمارے معاشرہ کو بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ہمیں نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچانا ہے، معروف اسپیکر اشوک کمار سیجوانی نے کہا کہ میں جانتا ہوں کچھ تو ہوں کیونکہ میرا خدا بے کار کچھ نہیں بناتا، انہوں نے پاکستان وہیل چیئرکونسل کی بنیاد ڈالنے پر چیئرپرسن رخسانہ راجپوت کی کاوشوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا، کونسل کے وائس چیئرمین ذیشان تقی نے کہا کہ ایٹمی قوت رکھنے والا پاکستان آج تک وہیل چیئر نہیں بنا سکا ہے، کراچی جیسے شہر میں وہیل چیئر کا پنکچر لگانے والا مشکل ہی سے ملتا ہے۔

ہمیں ہر حال میں اللہ کا شکر گزار بندہ بن کر رہنا چائیے، سیمینار سے ریاض احمد شیخ، غلام مرسلین غوری، سیمینار کے چیف آرگنائزر جنید ڈاہری نے بھی خطاب کیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں