یو ایس ایڈکی مالی اعانت سے چلنے والے میرٹ اور ضرورمند پر مبنی انسٹیٹیوشنل اسکالرشپ ایوارڈ کمیٹی(آئی ایس اے سی) کا اجلاس

بدھ 8 دسمبر 2021 22:15

․حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) یو ایس ایڈکی مالی اعانت سے چلنے والے میرٹ اور ضرورمند پر مبنی انسٹیٹیوشنل اسکالرشپ ایوارڈ کمیٹی(آئی ایس اے سی) کا اجلاس سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے کانفرنس ہال میں ہوا جس میں یونیورسٹی کی ٹوکی20 کے ماسٹرس ڈگری پروگرام میں زیر تعلیم طالبات کیلئے اسکالرشپ پروگرام فیزIII کے تحت انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا، وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کی عدم موجودگی کے باعث اجلاس کی صدارت کراپ پراڈکشن فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر قمر الدین چاچڑ نے کی، اجلاس میں سوشل سائنسز فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر اعجاز علی کھوھارو، ڈئریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمینٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، کمیونٹی کے نمائندے اور آبادگار رہنماء سید ندیم شاہ جاموٹ، پروفیسر ڈاکٹر مہرالنساء میمن، شہزاد حسین میمن اور ایچ ای سی کی نمائندہ مدیحہ انور بٹ نے شرکت کی، مختلف کلیات کی ماسٹرس ڈگری پروگرام میں زیر تعلیم 27 طالبات کے انٹرویوز کئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈین ڈاکٹر قمرالدین چاچڑ نے کہا یونیورسٹی میں طالبات کیلئے بہترین تدریسی ماحول کے ساتھ ساتھ ان کیلئے اسکالرشپ کے خصوصی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بہترین تدریسی اہلیت اور میرٹ رکھنے والی مستحق طالبات کیلئے مزید مواقع فراہم کیئے جائیں گے، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر نے کہا کہ یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ فنانشل ایڈ ڈئریکٹوریٹ ہونہار طلباء کیلئے مختلف اسکالرشپ کے مواقع فراہم کررہا ہے اور طلباء کی مکمل مدد کے ساتھ آگاہی سیشن کو توسیع دی جا رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ ہم اپنے ہونہار طلباء کو وظائف دینے کے لیے نئے اسپانسرز اور مخیر حضرات کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ شراکت داروں کیلئے ای پورٹل شروع کیا جارہا ہے تاکہ وہ خدمات اور معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنی قیمتی آراء دے سکیں، اس موقع پر فوکل پرسن اسکالرشپس سید نعمان علی شاہ نے ایجنڈا اور ورکنگ پیپر سے آگاہ کیا اور کمیٹی ممبران کو پریزنٹیشن دی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں