ؒصدر حیدرآباد چیمبر محمد الطاف میمن کا 15 دن میں دوسری بار پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار

اتوار 16 جنوری 2022 19:55

٪ حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2022ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے وفاقی حکومت کی جانب سے اوگرا کی سفارش پر 15 دن میں دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے پاکستان کو مدینے جیسی فلاحی ریاست بنانے اور غریب عوام کا احساس کرنے جیسے خواب اُن کی اپنی حکومت اور بے لگام وفاقی وزراء چکنا چور کر رہے ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں من مانے اضافے نے خود وزیراعظم کے دعوؤں کی ساکھ کو منہدم کر دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پیٹرول کی نئی قیمت 147 روپے 80 پیسے کے ساتھ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور قیمت بڑھنے کے ساتھ ہی گراں فروشوں نے گھی، کوکنگ آئل ، آٹے اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا ہے جو غریب عوام کے لیے گھر کا ماہانہ خرچہ چلانے میں مزید مشکلات پیدا کرے گا اور تاجر برادری کے لیے اُن کے ٹرانسپورٹ کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنے گا جس کا براہ راست اًثر عام عوام کی قوت خرید پر پڑے گا۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر نے مزید کہا کہ حکومتی ترجمان ہر بار پاکستان کے مقابلے میں دنیا کے بیشتر ممالک میں مہنگائی زیادہ ہونے کے حقائق و اعدادوشمار بتا کر تاجر برادری اور غریب عوام کا غصہ کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پاکستان میں فی کس آمدنی صرف 1190 ڈالر ہے جبکہ اِس کے مقابلے میں انڈیا میں 1750 ڈالر، بنگلہ دیش میں 1680 اور سری لنکا میں 4100 ڈالر فی کس آمدنی ہے جو ایک بہت واضح فرق ہے اور یہ موازنہ صرف ایشیائی ممالک کا ہے کسی یورپین ملک کا نہیں لیکن اِس کا حکومتی ترجمانوں کی طرف سے کبھی ذکر نہیں کیا جاتا۔

الطاف میمن نے وزیراعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، چیئرمین اوگرا مسرور خان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے تاجروں ، صنعتکاروں اور عوام پر رحم کیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفیکیشن کو فوری واپس لیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ سبسڈی دے کر اُسے قابل برداشت بنایا جائی

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں