پیپلزپارٹی کے دور میں مزدوروں کی پریشانی افسوسناک ہے، لالہ عبد الحلیم شیخ

ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے بقایاجات یکمشت ادا کرنے کے بجائے قسطوں میں دینے سے ملازمین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، ہیومن رائٹس کمیشن

پیر 17 جنوری 2022 22:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے سینئر ممبر و ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر لالہ عبد الحلیم شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے دور میں مزدوروں کی پریشانی افسوسناک ہے، سندھ میں سرکاری اور نجی اداروں سے ملازمت کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے بقایاجات یکمشت ادا کرنے کے بجائے قسطوں میں دینے سے ملازمین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، ایک بیان میں لالہ عبد الحلیم نے کہا کہ سندھ حکومت ملازمین کو قسطوں میں رقم دے رہی ہے جس میں بھی اکثر تاخیر ہو جاتی ہے،اس صورتحال سے ملازمین کو اپنے گزر بسر میں سخت مسائل اٹھانا پڑرہے ہیں، خواتین ملازمین کو بھی ان صورتحال میں پریشانی سے دو چار ہونا پڑرہا ہے، انہوں نے کہا کہ ملازمت سے ریٹائر ملازمین کو اپنے بچوں کی شادی یا کوئی کاروبار کرنا ہوتا ہے تو وہ اس حوالے سے مسائل میں مبتلا ہو جاتے ہیں، بیواں کی بھی اس صورتحال میں مشکلات بڑھ رہی ہیں، انہوں نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور ریٹائرڈ ملازمین کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے مفاد کی بات کی ان کے دور میں مزدوروں کی پریشانی افسو ناک ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں