موجودہ بے حس حکمران عوام پر مسلط کئے گئے ہیں، آج اگر کوئی اس ملک کا بڑا دشمن ہے تو وہ عمران نیازی ہے ،اسی نے سب سے زیادہ کرپشن کی ہے،شازیہ مری

آرمی کو جتنا گندا عمران نیازی نے کیا تاریخ میں کسی نے نہیں کیا، پیپلزپارٹی (آج) موجودہ نالائق، نااہل اور بے حس حکومت کے خلاف حیدرآباد سے کسان ٹریکٹر مارچ کا آغاز کریگی، پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 23 جنوری 2022 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ موجودہ بے حس حکمران عوام پر مسلط کئے گئے ہیں، آج اگر کوئی اس ملک کا بڑا دشمن ہے تو وہ عمران نیازی ہے اسی نے سب سے زیادہ کرپشن کی ہے، آج پیر کو پیپلزپارٹی موجودہ نالائق، نااہل اور بے حس حکومت کے خلاف حیدرآباد سے کسان ٹریکٹر مارچ کا آغاز کرے گی۔

وہ حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں، اس موقع پر ایم این اے طارق شاہ جاموٹ، پی پی کے ضلعی صدر صغیر قریشی، عاجز دھامرہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 21 جنوری کو ٹریکٹر مارچ کے پہلے فیز کا آغاز لاڑکانہ اور ساہوال سے کیا اور آج پیر سے دوسرے فیز کا آغاز کیاجارہا ہے جس میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری بھی شرکت کریں گے ،انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت کسان اس نالائق حکومت سے پریشان ہیں کسان نے اس حکومت کے تین سال بہت مشکل میں گزارے ہیں حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے ملک میں خوراک کی قلت بڑھنے کا خدشہ ہے، اس بے حس ٹولے سے نجات حاصل کرنے کے لئے پیپلزپارٹی 27 مارچ کو لانگ مارچ کرنے جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزرا روز درجنوں پریس کانفرنس کر کے اپوزیشن کو گالم گلوچ کرتے ہیں، نیازی حکومت نے کھاد کی قیمت میں بھی بے تحاشہ اضافہ کر دیا، یوریا کھاد کی بوری 3200 سے 3500 روپے تک بیچی جا رہی ہے، حکومت نے ادویہ کی قیمتوں میں بھی پانچ سو سے چھ سو فیصد تک اضافہ کردیاہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے وزیر روز بیان بازی کے لیئے نکل آتے ہیں جبکہ ملک میں مہنگائی کیوں ہوئی اس پر بات نہیں کرتے، آج اگر کوئی اس ملک کا بڑا دشمن ہے تو وہ عمران نیازی ہے، شازیہ مری نے کہا کہ یہ بے حس حکمران عوام پر مسلط کیے گئے ہیںجبکہ ان کے وزرا دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں سب سے زیادہ کرپشن عمران نیازی نے کی ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا تجارتی خسارہ 30.7 فیصد تک جا پہنچا ہے اوراب عوام کے باہر نکلنے کا وقت آ چکاہے، تمام کسان پیدل اور اپنے ٹریکٹرز پر آج مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک سیاسی جماعت کا احتجاج نہیں بلکہ کسان اور مزدور کا مارچ ہو گا، کسان پاکستان کا سرمایہ ہے، کسانوں کو بچانے کے لئے عمران نیازی کو گھر جانا ہو گا، ایک سوال پر شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کمزور ہوئی ہے، کورونا ایک حقیقت ہے ہم نہیں چاہتے کے لوگ خطرے میں پڑیںلیکن ایک کورونا وائرس عمران خان کی شکل میں بھی ملک میں موجود ہیں اس وائرس کا مقابلہ ہم ماسک پہن کر کریں گے، انہوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو منہ کی کھانی پڑی اور کے پی کے میں بھی ان کو شکست نصیب ہوئی، انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں یوریا کھاد کو جمع کرکے گودام بھرنے والوں کے خلاف آپریشن ہونا چاہیے، یوریا کی قیمت وفاقی حکومت مقرر کرتی ہے، عمران خان جس چیز کا نوٹس لے لیتا ہے اس کا بیڑا غرق ہوجاتا ہے، عمران خان جیسے انسان کو اب حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، شازیہ مری نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک قرار پایا ہے اس خطے میں پاکستان مہنگائی میں پہلے نمبر پر ہے، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری عوام کی قوت اور طاقت ہے، انہوں نے بحیثیت صدر مملکت ملک کے لئے بہت اہم کام کئے ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں