پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے کے لئے قرآن وسنتﷺ کا نفاذ ناگزیر ہے یہ ملک کسی اور نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا ،محمدحسین محنتی

اتوار 22 مئی 2022 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے کے لئے قرآن وسنتﷺ کا نفاذ ناگزیر ہے یہ ملک کسی اور نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا کلمے کے نام پہ قائم ہوا ہے یہی نظام اسے روشنی کی طرف لے جا سکتا ہے۔وہ مبارک مسجد لطیف آباد یونٹ نمبر 8 میں جماعت اسلامی اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ایک سالہ قرآن فہمی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس سے امیر ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، پیماسندھ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر فصیح ہاشمی، جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ، ڈاکٹر شمس العارفین، مولانا عتیق الرحمن، قاری ارشد ہاشمی، ظہیر الدین شیخ ، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنہ، ناظم زون لطیف آباداے عامر فاروق ودیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں ایک سالہ قرآن فہمی کورس مکمل کرنے والے 50 سے زائد مرد وخواتین کو اسناد اور اساتذہ و منتظمین کو شیلڈز تقسیم کی گئیں، خواتین کے لئے پردے کا اہتمام تھا۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی نے خود فرمایا ہے کہ اس قرآن کو اگر ہم پہاڑ پہ اتارتے تو وہ خشیت الہی سے ریزہ ریزہ ہوجاتا لیکن اسے انسان پہ اتارا گیا ان کے قلب پراتراگیا اور جو دل بھی نرم ہوا اسے قرآن سے ہدایت ملے گی انہوں نے کہا کہ ہم قرآن کی طرف رجوع کریںتو یہ ہمارے دلوں کی بہار اور سینے کانور بن جائے گا، انہوں نے کہاکہ قرآن سے دوری نے ہمارے دلوں کوایک دوسرے کے لیے سخت کردیے ہیں قوت برداشت ختم ہوگئی ہے گالی گفتار کا کلچر عام ہے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں لگے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا یہاں کوئی دوسرا نظام نہیں چل سکتا پوری قوم قرآن وسنت مصطفیﷺ کی دعوت کو لیکر اٹھے اورفرقہ واریت، عصبیت اور علاقائیت کے بتوں کو پاش پاش کر دے، محمد حسین محنتی نے کہاکہ قرآنی احکامات و پیغام سے دوری کی وجہ سے آج ہر طرف ظلم و جبر کا دور ہے، کشمیر سے فلسطین تک امت مسلمہ کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے، امت کو اپنا کھویا ہوا مقام دو بارہ حاصل کرنے اور مسائل سے نجات کے لیے اپنا رشتہ قرآن سے جوڑنا پڑے گا، اسی کے ذریعے ہی دنیا میں امن اور دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے، انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کا نظام ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے، قرآن مجید ایک انقلابی کتاب و معجزہ ہے، ہمیں زندگی کے ہر دائرے میں اس کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے، مہنگائی و بیروزگاری اور معیشت کی تباہی کی وجہ سودی نظام اور بیڈ گورننس ہے، ہر مسلمان دین کا سپاہی بن کر قرآن کی دعوت و پیغام کو عام کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے، انہوں نے کہاکہ قابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جنہوں نے آج یہاں قرآن فہمی کا ایک سالا کورس مکمل کیا ان میں ہرطبقے وپیشے کے لوگ شامل ہیں تاہم خواتین زیادہ مبارکباد کی مستحق ہیں ان کے اذہان کی تبدیلی ایک خاندان اور آنے والی نسل کی تبدیلی ہے ماں کی گود بہترین تربیت گاہ ہے، انہوں نے کہاکہ قرآن فہمی کافائدہ تب ہے جب ہم اسے زندگی کا مرکز و محور بنائی اور اقامت دین کے کام جت جائیں اسی میں نجات ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں