سوشل میڈیا وقت کا بڑا چیلنج ہے جس کی اہمیت و ضرورت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ، اس کا مثبت استعمال ملک و معاشرے کیلئے سود مند ثابت ہو،رخسانہ کوثر

سوشل میڈیا کی کارکنان جماعت کے تعارف اور دعوت کو آگے بڑھانے کے لئے تمام نیٹ ورکس کا بھرپور استعمال کریں،ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین حیدرآباد

جمعہ 24 جون 2022 22:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2022ء) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع حیدرآباد کی ناظمہ رخسانہ کوثر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا وقت کا بڑا چیلنج ہے جس کی اہمیت و ضرورت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا تاہم اس کا موثر و مثبت استعمال تنظیم، ملک و معاشرے کیلئے سود مند ثابت ہو۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع حیدرآبادکے زیر اہتمام سات روزہ سوشل میڈیا اینڈ نیٹ ورکنگ ورکشاپ کا انعقاد اسلامک ریسرچ اکیڈمی 6 نمبر لطیف آباد میں ہواجس میں سوشل میڈیا سے متعلق تفصیلی تعارف اور میڈیاکے مثبت استعمال کے طریقے سکھائے گئے جن میں فیس بک، ٹیوٹر پوسٹ بنانا، زوم، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے حوالے سے بہت کچھ سکھایا گیا، اس موقع پر لطیف آباد کی ذمہ داران خواتین کے ساتھ رکن شوری ضلع حیدرآباد اسما ضیا ، سیدہ انزہ اور انچارج شعبہ نشرو اشاعت و سوشل میڈیا امیر بی بی بھی موجود تھیں، شعبہ آئی ٹی کی مرکزی نگراں عالیہ منصور کا تفصیلی آڈیو پیغام بھی ورکشاپ کی زینت بنا جس میں انہوں نے اقامت دین کی جدوجہد میں سوشل میڈیا کے کردار اور ہماری ذمہ داریوں کی وضاحت کی۔

(جاری ہے)

اختتامی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ناظمہ رخسانہ کوثر نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، سوشل میڈیا ذہن سازی کا بہت بڑا ذریعہ ہے، سوشل میڈیا فوری رابطہ و اطلاعات کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ یہ انسان کی انفرادی و اجتماعی زندگی ہے، اللہ کے پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا کی مہارت کا حصول لازمی حیثیت رکھتا ہے، ہم خواتین کوکامیابی حاصل کرنے کے لیے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال پر عبور حاصل ہونا نہایت ضروری ہے اس طرح اقامت دین کی منزل پانا ان شا اللہ آسان ہو گا، سوشل میڈیا کی کارکنان جماعت کے تعارف اور دعوت کو آگے بڑھانے کے لئے تمام نیٹ ورکس کا بھرپور استعمال کریں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں